حسن آباد ۔10جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد ریونیو ڈیویژن کے بیشتر مواضعات میں گذشتہ دو دنوں سے متواتر ہونے والے بارش و موسم میں خوشگوار تبدیلی کے بعد موسم خرید کی کاشتکاری کیلئے مقامی کسانوں کی جانب سے تخم ریزی کے کاموں کا آغاز ہوگیا ہے ۔ بالخصوص مدور منڈل کے مواضعات مدنور ، سلاخپور ، مرمامول ، ریبرتی ، دھول مٹ میں جہاں زمانے قدیم سے ہی دھان کی ریکارڈ پیداوار کی جاتی ہے ۔ زائد از 10ہزار ایکڑ اراضی پر دھان کی پیداوار کرنے کا آغاز ہوگیا ہے ۔ مقامی کسانوں ، کسان رابطہ کمیٹی کے عہدیدار ومنڈل زرعی حکام نے بتایا کہ مدور منڈل کے مختلف مواضعات میں دھان ، بورویل ،مونگ دال ، مکئی ، مرچ و کپاس کی کاشتکاری کی جاتی ہے ۔ تخم ریزی کے لئے کسانوں کو 15 تا 20دنوں کا وقفہ درکار ہوتا ہے ۔ موسم خریف کے لئے مدور منڈل کے کسانوں کو درکار معیاری تخم و کھاد کی وافر مقدار تمام مواضعات میں دستیاب رکھا گیا ۔ مقامی پولیس و زرعی حکام کی نگرانی و سخت تنقیح کے بعد تخم و کھاد فروخت کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں ۔
