مدھیہ پردیش اسمبلی کا آج سے بجٹ اجلاس

   

بھوپال: مدھیہ پردیش قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس پیر کو گورنر منگو بھائی پٹیل کے خطاب کے ساتھ شروع ہوگا، جسے 24 مارچ تک جاری رکھنے کی تجویز ہے ۔ یہ اجلاس ہنگامہ خیز ہونے کا امکان ہے کیونکہ اپوزیشن پارٹی کانگریس مختلف امور کو اٹھانے کی تیاری کر رہی ہے ۔ریاست کی سولہویں قانون ساز اسمبلی کے اس پانچویں اجلاس کے دوران کل نو اجلاسوں کی تجویز ہے ۔ ریاستی حکومت مالی سال 2025-26 کے لیے اپنا سالانہ بجٹ 12 مارچ کو پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ مالی سال 2024-45 کا دوسرا ضمنی بجٹ 17 مارچ کو پیش کیا جائے گا۔اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر امنگ سنگھار نے کہا ہے کہ سیشن کے دوران ریاست کے امن و امان کے ساتھ ساتھ دلتوں کے خلاف مظالم، ٹرانسپورٹ گھپلہ، کسانوں سے متعلق معاملات اور عوامی فلاح و بہبود کے دیگر امور کو اٹھایا جائے گا۔ کچھ معاملات پر تحریک التواء کا نوٹس بھی دیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران اپوزیشن پارٹی کے ارکان نے مختلف معاملات سے متعلق سوالات اٹھائے ۔ساتھ ہی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) بھی اپوزیشن پارٹی کانگریس کے ارکان کو جواب دینے کی تیاری کرتی نظر آرہی ہے ۔ بی جے پی ممبران اسمبلی کی میٹنگ پہلے ہی ہو چکی ہے ۔