دہشت گردتنظیم سے رابطہ کا شبہ ۔ مدھیہ پردیش کے شہر چھندواڑہ سے بھی مزید گرفتاریاں ۔ عدالتی تحویل میں دیدیا گیا
حیدرآباد۔/9مئی( ایس ایم بلال ) مدھیہ پردیش پولیس کے انسداد دہشت گردی دستہ نے مرکزی انٹلیجنس کی مدد سے ملک بھر میں دہشت گرد تنظیم کے خلاف کارروائی میں 16 افراد بشمول حیدرآباد سے 5 افراد کو گرفتار کرلیا۔ بھوپال کی عدالت نے گرفتار افراد کو 19 مئی تک عدالتی تحویل میں دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق مدھیہ پردیش چھندواڑہ و حیدرآباد میں بیک وقت کارروائی میں مبینہ دہشت گرد تنظیم حزب التحریر سے رابطہ کے الزام میں گرفتاریاں کی گئیں۔ گرفتار افراد میں اساتذہ، سافٹ ویر انجینئرس، ٹیچرس ، آٹو ڈرائیورس، کمپیوٹر ٹیکنیشن مزدور پیشہ شامل ہیں۔ اس کارروائی میں بھوپال گیس سانحہ کی جہد کار تنظیم چنگاری سربراہ راشدہ بی کے رشتہ دار کو بھی گرفتار کیا گیا۔ منگل کی صبح مدھیہ پردیش پولیس نے علاقہ گولکنڈہ اور حافظ بابا نگر سے پانچ افراد جن میں 3 نومسلم ہیں کو گرفتار کرلیا۔ اے ٹی ایس نے دعویٰ کیا کہ حیدرآباد سے گرفتار محمد سلیم عرف سوربھ راج ویدیا کا تعلق مدھیہ پردیش بھوپال سے ہے گولکنڈہ بڑا بازار میں مقیم تھا اور وہ دکن کالج آف فارمیسی آغا پورہ کا پروفیسر بتایا گیا ہے جبکہ عبدالرحمن عرف دیوی پرساد متوطن دھنکوٹ اوڈیشہ ‘علاقہ گولکنڈہ میں مقیم تھا جبکہ محمد عباس علی عرف ڈی وینو کمار کنچن باغ حافظ بابا نگر میں مقیم تھا۔ اسی طرح گولکنڈہ کا مقیم شیخ جنید ساکن بڑا بازار گولکنڈہ ، جگت گری گٹہ رنگاریڈی کے محمد حمید کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ مقامی نوجوان محمد سلمان ساکن بالا جی نگر جواہر نگر کو مطلوب بتایا گیا ۔ اے ٹی ایس نے گرفتار افراد کے قبضہ سے بندوقیں اور جہادی مواد ضبط کرلیا۔ مدھیہ پردیش پولیس نے دعویٰ کیا کہ گرفتار شدہ ملزمین کا تعلق دہشت گرد حزب التحریر سے ہے اور یہ افراد مذہب تبدیل اور ذہن سازی کرکے انہیں کٹر پسندی کیلئے راغب کررہے تھے۔ اے ٹی ایس نے دعویٰ کیا کہ گرفتار افراد مضافاتی جنگلاتی علاقوں میں خفیہ ٹریننگ کیمپ اور مذہبی پروگرامس چلا رہے تھے ۔ انٹلیجنس ایجنسیوں سے بچنے گرفتار افراد نے راکٹ چیاٹ ایپ کا استعمال کیا۔ ایجنسی نے دعویٰ کیا کہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کیلئے گرفتار افراد ڈرون کے ذریعہ بڑے شہروں پر نظر رکھ رہے تھے۔ ان دھاؤں میں مدھیہ پردیش اے ٹی ایس نے بھوپال سے 10 نوجوانوں یاسر خان، سمیع رضوی، مصباح، شاہد، سید دانش علی، معراج، خالد حسین، وسیم خان اور محمد عالم کو بھی گرفتار کیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ نروتم مشرا نے اس گرفتاری کی توثیق کی ہے ۔