بھوپال ۔یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کے اندور میں انیس اور کھرگون کے ایک میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد ریاست میں کوروناوائرس متاثرین کی تعداد بڑھ کر 86 ہو گئی، جس میں اب تک چھ افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ سرکاری اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب جاری بلیٹن میں اندور میں 19 نئے کیسز سامنے آئے ، جس کی وجہ سے کورونا وائرس متاثرین کی تعداد بڑھ کر 63 ہو گئی ۔ وہیں کھرگون کے رہنے والے ایک شخص کی تین دن قبل ہوئی موت کے بعد اس کی رپورٹ مثبت پائی گئی ہے ۔ اجین میں اب تک 6 کیسز سامنے آئے ہیں ۔ اسی طرح بھوپال میں 4، جبل پور میں 8، شیو ،پوری اور گوالیار میں دو دو کیسز اب تک سامنے آئے ہیں ۔ ریاست کے اندور میں اب تک کورونا کے کیسز سب سے زیادہ سامنے آئے ہیں ۔ وہاں گزشتہ دو دنوں میں ہی 36 نئے کیسز سامنے آئے ، جس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 63 ہو گئی، جس میں تین کی موت ہو گئی ہے ۔ اس کے علاوہ اجین میں دو کورونا وائرس مریضوں کی موت ہوئی ہے ۔ وہیں کھرگون میں تین دن قبل جس شخص کی موت ہوئی تھی، اس کی بھی رپورٹ مثبت آئی ہے ۔ اسے ملا کر اب تک ریاست میں کورونا وائرس سے چھ موت ہوئی ہیں ۔ ریاست میں مجموعی 989 کورونا وائرس مشتبہ افراد کے نمونے لئے گئے ہیں، جس میں 587 کی رپورٹ منفی آئی ہے ۔ اس کے علاوہ چار ہزار سات سو پانچ مسافروں کو نگرانی کے لئے نشان دہی کی گئی اور 1296 مسافر قرنطنہ کی مدت مکمل کر چکے ہیں ۔ وہیں 450 مسافروں کو اسپتال میں آئیسولیشن میں رکھا گیا، جبکہ 3141 گھر یلو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے ۔ ریاست کے تمام اضلاع میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل درآمد کرایا جا رہا ہے ۔ تاہم اس دوران اشیائے ضروری کی مسلسل فراہمی انتظامیہ کی طرف سے کرائی جارہی ہے۔