مدھیہ پردیش میں کیجریوال نے پھونکا انتخابی بگل۔ کہا- ایک موقع دے دو، بجلی، تعلیم، علاج سب مفت کر دوں گا

   

نئی دہلی: دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں حکومتیں بیچی اور خریدی جاتی ہیں۔ یہاں ایم ایل اے کی خرید و فروخت پر ڈسکاونٹ بھی ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی- پنجاب میں ہماری حکومت نے بجلی، علاج اور اسکول تعلیم مفت کر دی ہے۔ مدھیہ پردیش میں بھی موقع دیں، یہاں بھی سب کچھ مفت کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کام نہیں کیا تو دوبارہ ووٹ مانگنے نہیں آوں گا۔ کیجریوال منگل کو بھوپال کے بی ایچ ای ایل دسہرہ میدان میں منعقد ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان بھی موجود تھے۔دراصل، عام آدمی پارٹی (عاپ) اس سال کے آخر میں مدھیہ پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں پوری طاقت کے ساتھ لڑنے کی تیاری کر رہی ہے۔ عاپ یہاں کی تمام 230 اسمبلی سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ پارٹی کے قومی صدر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے منگل کو بی ایچ ای ایل دسہرہ میدان میں منعقدہ جلسے میں انتخابی بگل پھونکا۔ کیجریوال اور مان دوپہر 3.00 بجے بھوپال پہنچے۔ پارٹی کے نیشنل آرگنائزیشن جنرل سکریٹری اور راجیہ سبھا ممبر سندیپ پاٹھک، ایم ایل اے بھوپیندر سنگھ جون، ریاستی انچارج مکیش گوئل سمیت ریاست بھر سے ہزاروں پارٹی کارکنان جلسہ میں شریک ہوئے