بھوپال ۔ حکومت مدھیہ پردیش نے چھندواڑہ ضلع اور رتلام شہر کے کچھ حصوں میں لاک ڈاؤن لاگو کردیا ہے جبکہ بیتول ضلع اور کھارگون میں بھی جمعہ کی رات سے لاک ڈاؤن لاگو کردیا جائیگا تاکہ کورونا کو پھیلنے سے روکا جاسکے ۔ چھندواڑہ کے شہری علاقوں اور رتلام شہر میں لاک ڈاؤن جمعرات کی صبح 10 بجے سے شروع ہوچکا ہے جو 5 اپریل کی صبح 6 بجے تک جاری رہے گا ۔ جمعہ کی رات 10 بجے سے سارے بیتول ضلع میں لاک ڈاؤن ہوگا جبکہ کارگون کے شہری علاقوں میں 8 بجے سے لاک ڈاؤن شروع ہوجائیگا ۔ یہ تحدیدات 5 اپریل کی صبح 6 بجے تک لاگو رہیں گی ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ ریاستی چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے آج میڈیا کو بتایا کہ سینئر عہدیداروں کی ٹیمیں ان چار اضلاع کو روانہ کی گئی ہیں تاکہ کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے اور مقامی انتظامیہ کو اس وباء سے مقابلہ میں درکار امداد فراہم کی جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے کیسوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے لاک ڈاؤن لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ لاک ڈاؤن کی تحدیدات کا مقصد وائرس کو پھیلنے سے روکنا ہے کیونکہ چھند واڑہ کی سرحدات مہاراشٹرا سے ملتی ہیں۔
