بھوپال : مدھیہ پردیش میں کانگریس کے سینئر قائد کا انتقال ہوگیا۔ عارف عقیل 6 بار شمالی بھوپال کی اسمبلی سیٹ سے ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ مدھیہ پردیش حکومت میں وہ دو بار وزیر بھی رہے۔ انہیں اقلیتی فلاح و بہبود، جیل اور محکمہ خوراک و رسد کا وزیر بنایا گیا تھا۔ شیر بھوپال کے نام سے مشہور مدھیہ پردیش کانگریس کے سینئر و قدآور لیڈر عارف کا عقیل کے انتقال سے پارٹی حلقوں میں غم کی لہر دیکھی گئی۔ وہ طویل عرصے سے بیمار تھے۔ اتوار کی صبح ان کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں بھوپال کے اپولو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں پیر کی صبح تقریباً 5.30 بجے وہ دارفانی سے کوچ کر گئے۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 72 سال تھی۔ عارف عقیل پہلی بار 1990 میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ عارف عقیل کے پاس تعلیمی ڈگریوں کی بہتات تھی۔ انہوں نے کئی پوسٹ گریجویٹ ڈگریوں کے ساتھ قانون کی تعلیم بھی حاصل کی تھی۔ کانگریس کے دورِ حکومت میں عارف عقیل سب سے زیادہ تعلیم یافتہ وزیرتھے۔ عارف عقیل نے اپنی سیاسی زندگی کی شروعات طلبہ سیاست سے کی۔ صفیہ کالج کی سیاست میں ان کا دبدبہ طویل عرصے تک قائم رہا۔ وہ اسمبلی الیکشن میں مسلسل فتح حاصل کرتے رہے۔ انتخابی میدان میں انہوں نے بی جے پی کے کئی بڑے لیڈروں کو شکست دی۔ بی جے پی کے دور حکومت میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی جانب سے شمالی اسمبلی کو اپنانے سے بھی عارف عقیل کی کامیابی پر اثر نہیں ڈال سکا۔