مدھیہ پردیش کے وزیر وجے شاہ کیخلاف ہائیکورٹ کی کارروائی بند، گرفتاری پر عبوری روک برقرار

   

نئی دہلی، 28 مئی (یواین آئی) سپریم کورٹ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور مدھیہ پردیش کے قبائلی امور کے وزیر کنور وجے شاہ کے ہندوستانی فوجی افسر کرنل صوفیہ قریشی کے خلاف مبینہ قابل اعتراض ریمارکس کے معاملے میں ہائی کورٹ میں جاری کارروائی آج بند کر دی، جو ‘آپریشن سندور’ کے بعد سرخیوں میں آئی تھی۔جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس دیپانکر دتہ کی پارٹ ٹائم ورکنگ ڈے بنچ نے کہا کہ چونکہ یہ معاملہ اب اس کے علم میں ہے ، اس لیے مدھیہ پردیش ہائی کورٹ میں چل رہی کارروائی کو بند سمجھا جائے گا۔بنچ نے یہ حکم سالیسٹر جنرل تشار مہتا کی اس دلیل کو سننے کے بعد دیا کہ شاہ کے خلاف ہائی کورٹ میں متوازی کارروائی چل رہی ہے ۔بنچ نے کہا کہ شاہ کی گرفتاری پر روک سمیت 19 مئی کو منظور کی گئی عبوری ہدایات جاری رہیں گی۔