مدینہ منورہ میں حج سیزن کا پہلا مرحلہ مکمل

,

   

عازمین کی ادائیگی حج کیلئے بسوں کے ذریعہ مکہ مکرمہ روانگی
ریاض : سعودی حکام نے کہا ہے کہ مدینہ میں حج سیزن کا پہلہ مرحلہ کامیابی سے مکمل ہوگیا۔ مختلف ممالک سے بری اور فضائی راستوں سے براہ راست مدینہ آنے والے آٹھ لاکھ 33 ہزار عازمین کو مرحلہ وار مکہ روانہ کیا گیا۔ مدینہ کے ہاسپٹلس میں زیرعلاج عازمین کی خصوصی ایمبولینسوں میں حج کیلئے روانگی عمل میں آئی۔ مدینہ گورنریٹ اور دیگر حکومتی اداروں نے مشترکہ طور پر عازمین حج کے استقبال سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے انہیں مکہ روانہ کرنے تک سہولتیں فراہم کیں۔ ہفتہ کو مدینہ سے عازمین کے آخری قافلے مکہ کیلئے روانہ ہوئے جس کیلئے ہجرہ روڈ پر بنے ہوئے حجاج استقبالیہ سنٹر میں گہما گہمی رہی۔ عازمین حج کی مکہ منتقلی کی کارروائی کی نگرانی وزارت حج کی جانب سے کی گئی تاکہ عازمین حج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ٹرانسپورٹ کے شعبے کے نگران مازن ثروت کا کہنا تھا کہ ہجرہ روڈ پر واقع ڈپارچر سنٹر میں تمام امور پروگرام کے مطابق مکمل کیے گئے۔ انہوں نے بتا یا کہ عازمین کی بسوں کے مکمل فنی معائنہ کرنے کے بعد ہی انہیں روانہ کیا جاتا ہے۔ حج سیزن میں مدینہ آنے والے عازمین آٹھ دن قیام کرتے ہیں بعدازاں مکہ روانہ ہو جاتے ہیں۔جو عازمین براہ راست مدینہ آتے ہیں ان کی واپسی جدہ سے ہوتی ہے جبکہ حج کے بعد آنے والے حجاج کی واپسی مدینہ سے ہی کی جاتی ہے۔