حیدرآباد۔27 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کے تانڈور ٹاؤن سے تعلق رکھنے والی معمر خاتون عمرہ کرنے کے بعد مدینہ منورہ سے لوٹنے کے دوران کار حادثہ میں جاں بحق ہوگئی ۔ 68 سالہ آمنہ خاتون متوطن کمار گلی تانڈور گزشتہ ہفتہ اپنے دو بیٹوں عمر فاروق قریشی اور حیدر علی مرزا کے ساتھ عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانہ ہورہی تھی۔ منگل کی شب مدینہ منورہ میں نماز تراویخ کی ادائیگی کے بعد مکہ مکرمہ لوٹ رہے تھے کہ وادی الفراح کے پاس ان کی کار حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ اس حادثہ میں آمنہ خاتون برسر ہلاک ہوگئی جبکہ ان کے دو بیٹے زخمی ہوگئے۔ عازمین عمرہ کا قافلہ المیزان ٹور اینڈ ٹراویلس سے کچھ دن قبل مکہ مکرمہ روانہ ہوا تھا اور یہ حادثہ مدینہ منورہ سے 177 کیلو میٹر دور پیش آیا۔ المیزان گروپ کے چیرمین حافظ محمد فیاض علی نے کہا کہ خاتون عازمین عمرہ کی تدفین جنت البقیع میں عمل میں لائی جائے گی۔