نئی دہلی۔ 23 جنوری (ایجنسیز) مذہب تبدیل کروانے کے الزامات پر اشرار نے ایک شخص پر بے رحمانہ حملہ کیا۔ اس معاملے میں پولیس نے جمعرات کو چار افراد کو حراست میں لے لیا۔اوڈیشہ کے ڈھینکنال ضلع کے ایس پی ابھینو سونکر کے مطابق بپن نائیک نامی ایک پادری پر گاؤں کے چند افراد نے مذہب تبدیلی کرانے کا الزام عائد کرتے ہوئے حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے اس کے گلے میں جوتوں کی ہار ڈال کر گاؤں میں گھمایااور لاٹھیوں سے اس کی پٹائی کی۔یہ واقعہ 4 جنوری کو پیش آیا جو اب تاخیر سے منظرِ عام پر آیا ہے۔ اس سلسلے میں نائیک کی اہلیہ نے پرجنگ نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ان کے مطابق تقریباً 20 افراد اس حملے میں شامل تھے۔ایس پی نے واضح کیا کہ ملزمین کی جانب سے متاثرہ شخص کو زبردستی نالی کا پانی پلانے کی کوشش کیے جانے کے الزامات درست نہیں پائے گئے۔