دستور کا تحفظ اہم ذمہ داری، بی ونود نائب صدرنشین تلنگانہ منصوبہ بندی کمیشن کا بیان
حیدرآباد۔27ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کسی بھی غیر دستوری قانون کی تائید نہیں کرے گی اور نہ ہی ایسے کسی قانون پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا ‘ تلنگانہ راشٹر سمیتی مجوزہ بلدی انتخابات میں 100 فیصد نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ مسٹر بی ونود کمار نائب صدرنشین تلنگانہ ریاستی منصوبہ بندی کمیشن نے یہ بات کہی۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت مذہبی تفریق کو ہوا دینے کے حق میں نہیں ہے اور وہ ایسے کسی بھی قانون کی حمایت نہیں کرتی جو کہ تفریق پیدا کرے اور مذہبی منافرت کو ہوا دینے والے ثابت ہوں۔ مسٹر بی ونود کمار نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ ریاستی حکومت اس مسئلہ پر دستور کے تحفظ کو یقینی بنانے کے اقدامات کا حصہ بنے کیونکہ ملک کے لئے دستور سے زیادہ اہم کوئی چیز نہیں ہے۔مسٹر بی ونود کمار نے کریم نگر کے ترقیاتی کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کریم نگر کی ترقی کیلئے تلنگانہ راشٹر سمیتی حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں لیکن عام انتخابات کے دوران لہر کے سبب بھارتیہ جنتا پارٹی امیدوار کی کامیابی ہوئی ہے لیکن اب صرف تلنگانہ راشٹرسمیتی کی لہر ہے اور اس لہرکو بلدی انتخابات کے نتائج ظاہر کردیں گے۔واضح رہے کہ مسٹر بی ونود کمار سی اے اے کے پارلیمنٹ میں پیشکشی کے فوری بعد یہ کہہ چکے ہیں کہ مرکزی قانون سازی کے عمل میں مخالفت کی جاسکتی ہے لیکن جب قانون سازی ہوتی ہے تو عمل کرنا یا نہ کرنا ریاست کے اختیار میں نہیں ہوتااور شہریت کا معاملہ ریاست کے اختیارات کے دائرہ کار سے باہر ہے۔