مذہبی خبریں

   

اعراس شریف
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : احاطہ ہائی کورٹ حیدرآباد میں قدیم سے واقع درگاہ جات سرتاج ولی حضرت سید آصف شاہ قادریؒ ، حضرت سید خواجہ شمس الدین باسط شاہ قادریؒ و حضرت سید سعادت بندہ نوازی ؒ کے اعراس شریف 31 اکٹوبر جمعرات کو زیر سرپرستی مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ جانشین سلطان الواعظین حضرت حبیب اللہ زرین کلاہؒ مقرر ہے ۔ 7 بجے شام بمکان محمد قادر پاشاہ قادری روبرو ہائی کورٹ سے رفاعی فقراء کے ہمراہ جلوس صندل برآمد ہو کر درگاہ شریف پہونچے گا ۔ صندل مالی ، پیشکشی غلاف و چادر گل کے بعد سلام بحضور خیرالانام ؐ ، فاتحہ دعاء خیر امن و سلامتی کی جائے گی ۔ یکم نومبر جمعہ کو بعد نماز عشاء مجلس سماع ہوگی ۔۔
ماہانہ فاتحہ برائے خواتین
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : ماہانہ فاتحہ حضرت سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانیؒ 2 نومبر کو طاہر گلشن نواب عمر خاں کالونی قادر باغ میں حضرت الحاج محمد عبدالستار چاند قریشی مرزائی کی زیر سرپرستی مقرر ہے ۔ نگرانی محترمہ سیدہ بلقیس جہاں کریں گی ۔ عصر تا مغرب مجلس درود شریف مغرب تا عشاء تلاوت کلام پاک اور یسین شریف کی تلاوت ہوگی جس میں خواتین و طالبات کو شرکت کی اجازت رہے گی ۔۔

عروج تجلیات کی اشاعت
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : ممتاز و معروف مصنف و شاعر ڈاکٹر عقیل ہاشمی کا نعتیہ مجموعہ عروج تجلیات شائع ہوچکا ہے ۔ اس مجموعہ میں امیر جامعہ مفتی خلیل احمد کی تقریظ کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر محمد مصطفی شریف کا مضمون شامل ہے ۔ ڈاکٹر عقیل ہاشمی سابق صدر شعبہ اردو عثمانیہ یونیورسٹی کا یہ چھٹواں نعتیہ مجموعہ ہے ۔ رسم اجرائی کی تقریب کا متعاقب اعلان کیا جائے گا ۔