مذہبی خبریں

   

رمضان میں روزہ داروں کے لیے سحری کا انتظام کیا جائے
مولانا عبدالرزاق و محمد نعیم الدین کا خطاب
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( راست ) : رمضان المبارک کی تیاری ہر طرف چل رہی ہے ۔ روزے ، تراویح اور شب قدر میں زیادہ سے زیادہ ثواب کمانے خود کو تیار کرلیں ۔ ہمارے سامنے رحمتوں و بخششوں کا مہینہ آرہا ہے ۔ جو نمازوں میں کوتاہی کرتے ہیں وہ نمازوں کی پابندی شروع کریں اور قرآن کریم کی تلاوت کا آغاز کریں ۔ ان خیالات کا اظہار تنظیم اصلاح معاشرہ کی جانب سے خواتین کے اجتماع سے مولانا عبدالرزاق قاسمی نے کیا ۔ جناب محمد نعیم الدین نے کہا کہ رمضان المبارک میں روزے داروں کو کھلانے کا بڑا ثواب ہے ۔ لہذا روزہ داروں کی تعداد بڑھانے مسکین غریبوں کو سحری کروانے محلہ واری سطح پر اپنے گھروں سے ایک آدمی کی سحری کا کھانا محلہ کے مسجد میں موذن صاحب کے پاس جمع کروائیں یا ایک آدمی کا سحری خرچ جمع کروائیں ۔ جناب محمد عبدالصمد عمر نے قرآن حکیم کی تلاوت کی ۔ دعا پر اجتماع کا اختتام ہوا ۔۔

رمضان دراصل روح کو تقویت پہنچانے کا مہینہ
جلسہ استقبال رمضان ، محمد شہزاد ناصر و مولانا اعجاز محی الدین وسیم کے خطابات
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( راست ) : جماعت اسلامی ہند چارمینار کی جانب سے رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر جلسہ استقبال رمضان اسلامک سنٹر لکڑکوٹ چھتہ بازار پر منعقد ہوا ۔ جناب محمد شہزاد ناصر نے درس قرآن پیش کیا ۔ انہوں نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اسوہ رسول کی پیروی کرتے ہوئے صبر اور استقامت سے کام لیں ۔ ماہ رمضان صبر اور تقویٰ کا مہینہ ہے ۔ عبادات کے ذریعے سے مسلمان اپنے اندر صبر اور تقویٰ کی صفت کو پروان چڑھائیں اور پورے شعور اور احتساب کے ساتھ گزاریں ۔ مولانا اعجاز محی الدین وسیم نے خطاب کرتے ہوئے ماہ رمضان کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ مولانا نے شرکاء کو تلقین کی کہ وہ بڑے شوق ، خضوع اور تقویٰ کی روح کے ساتھ رمضان کے روزے رکھیں ۔ مسلمانوں سے انہوں نے ان غیر ضروری خرافات کو ختم کرنے کی اپیل کی ۔ مولانا اعجاز نے کہا کہ روزہ اصل میں جسم کو کمزور کرنے اور روح کو نیکیوں کے ذریعے سے نشوونما دینے کا نام ہے ۔ روح کی پاکیزگی روزے کا اصل مقصود ہے ۔ آخر میں امیر مقامی عبدالباری نے اختتامی خطاب پیش کیا ۔ انہوں نے مقررین اور شرکا کا شکریہ ادا کیا ۔ اجتماع کا اختتام دعا پر ہوا ۔۔

عرس شریف
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( راست ) : عرس حضرت خواجہ سید سلطان علی شاہ بخاریؒ واقع آغا پورہ کا یکم رمضان المبارک کو بعد نماز عصر مراسم غسل شریف سے ہوگا ۔ 2 رمضان کو بعد عصر برآمدگی صندل مبارک بعد نماز تراویح محفل سماع 11-30 بجے شب صندل مالی انجام دی جائے گی ۔ 3 رمضان بعد تراویح جشن چراغاں محفل سماع 4 رمضان 9 بجے صبح ختم قرآن محفل سماع ہوگی ۔ جملہ مراسم عرس الحاج سید شاہ نظام الدین ہارونی سجادہ نشین و متولی انجام دیں گے ۔۔

روزے کی عبادت سے صبر اور شکرگزاری کی تربیت ،استقبالِ رمضان و نعتیہ مشاعرہ صوفی سلطان شطاری، طارق انصاری و پروفیسر ایس اے شکور کا خطاب
حیدرآباد۔26 / فبروری (راست) رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ہم پر سایہ فگن ہونے والا ہے یہ مہینہ رحمتوں مغفرتوں اور جہنم سے نجات کا پیغام لے کر آتا ہے ۔ اللہ تعالی نے اس ماہ مبارک کو اپنی خاص رحمتوں اور برکتوں سے نوازا ہے اس ماہ میں قرآن پاک نازل ہوا جوہماری زندگی کارہنما ہے روزے کی عبادت ہمیں صرف بھوک پیاس ہی نہیں سکھاتی بلکہ ہمارے دل و دماغ کو پاکیزگی، صبر اور شکرگزاری کی تربیت دیتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مہمان خصوصی جناب طارق انصاری صدرنشین اقلیتی کمیشن،بزم ِکشور کی جانب سے گلشن سلطان اے سی گارڈ میںصوفی شاہ سلطان شطاری مخدومی فیاضی کی نگرانی میں منعقدہ محفل استقبال رمضان و نعتیہ مشاعرہ سے کیا۔ دیگرمعزز مہمانان میں پروفیسر ایس اے شکور ڈائریکٹر دائرۃ المعارف، پروفیسر مجید بیدار اور اقبال احمد انجینئر شامل تھے ان سبھی نے رمضان سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ محمد معز قادری، محمد مجیب قادری و محمد سبحان قادری نے شرکاء محفل کا استقبال کیا، مولانا زعیم الدین حسامی اور ڈاکٹر اسلام الدین مجاہدنے مختصرفضیلتِ رمضان بیان کئے جلسہ کا آغاز مولانا زعیم الدین حسامی کی قراء ت کلام سے ہوا، ڈاکٹر جاوید کمال نے حمد اورصوفی شہباز قادری نے نعت شریف پیش کی جلسہ کی کاروائی ڈاکٹر جاوید کمال مدیر ریختہ نامہ بحسن خوبی چلائی جلسہ کے فوری بعد نعتیہ مشاعرہ ہوا ، جس میںصوفی سلطان شطاری کے علاوہ جلال عارف،شیخ اسماعیل صابر، مجیدبیدار،سمیع اللہ حسینی سمیع، اکبرخان اکبر، فرید سحر، لطیف الدین لطیف، جنید حسینی جنید، ارشد شرفی، سراج یعقوبی نے نعتیہ کلام پیش کیا۔ نظامت کے فرائض لطیف الدین لطیف نے انجام دئیے آخر میں صوفی مجیب قادری کی دعا پر یہ محفل اختتام کو پہنچی۔

جلسہ آمدِ ماہِ نزولِ قرآن
حیدرآباد ۔ 26 فبروری ۔ (راست) بارگاہِ حضرت الحاج شاہ سعداللہ المعروف کمالی شاہ خلیفہ خاص پیر الحاج غوثی شاہؒ سلسلہ قادری چشتی نقشبندی اکبری 27 فبروری بروز جمعرات 10 بجے شب خانقاہ کمالی شاہ بیعت السرور النور اپوزیٹ مالا بار گولڈ ایل آئی سی کالونی مہدی پٹنم میں جلسہ ماہِ نزول قرآن و محفل ذکر جہری منعقد ہوگا ۔ جلسہ کا آغاز ذکر جہری ، قرأتِ کلام پاک سے ہوگا ۔ قرأت کلام پاک محمد مدنی پیش کریں گے ۔ نعت رسول و منقبت محمد قدسی ، ساجد پاشاہ ، ماجد پاشاہ ، امیر حمزہ اور منان پاشاہ پیش کریں گے ۔ ’’جلسہ آمد ماہِ نزول قرآن ‘‘ پر خطاب شاہ طاہر پاشاہ اور شاہ منور پاشاہ کے ہوں گے ۔ خصوصی خطاب پروفیسر ڈاکٹر شاہ مظہر پاشاہ قادری چشتی نقشبندی اکبری خلف و خلیفہ ثالث و سجادہ نشین پیر الحاج شاہ سعداللہ المعروف کمالی شاہ ( سلسلہ قادری چشتی نقشبندی اویسی اکبری ) کریں گے ۔ نگرانی پروفیسر ڈاکٹر حضرت الحاج شاہ مظہر پاشاہ قادری چشتی نقشبندی اکبری خلف و خلیفہ ثالث و سجادہ نشین پیر الحاج شاہ سعداللہ المعروف کمالی شاہؒ ( سلسلہ قادری چشتی نقشبندی اویسی اکبری) کی ہوگی ۔

زیارت آثار مبارک و غلاف شریف
حضور غوث الاعظم دستگیر ؒ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( راست ) : قدیم جشن ولادت باسعادت حضرت سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ و حضرت سیدنا سید محمد صدیق علی حسینی خواجہ محبوب اللہ ؒ زیر نگرانی مولانا سید شاہ حیدر علی حسینی القادری حیدر پاشاہ 27 فروری جمعرات خانقاہ قادریہ درگاہ حضرت سید شاہ محمد باقر حسینی فقیر پاشاہ باقر نگر بستی نبی کریم کالونی عیدگاہ تالاب میر عالم پر صبح 11 تا 2 بجے دن منایا جائے گا ۔ صبح 11 بجے دن ختم قرآن مجید 12 بجے دن تا 2 بجے دن محفل سماع کا انعقاد عمل میں آئے گا ۔۔

ایک شام عباس متقی کے ساتھ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( راست ) : جناب ظفر فاروقی کے بموجب بزم سخن طراز کے زیر اہتمام جمعرات 27 فروری رات 8-30 بجے اردو ہال مغل پورہ پر ایک شام عباس متقی کے ساتھ صدارت پروفیسر ایس اے شکور کریں گے ۔ ادبی پروگرام کے بعد غزل کا مشاعرہ زیر صدارت سیف نظامی ۔ جس میں شعراء کلام سنائیں گے ۔۔
وزیراعلی تلنگانہ نے شیوراتری کی مبارکباد دی
حیدرآباد۔ 26۔ فروری(یواین آئی) تلنگانہ کے وزیراعلی اے ریونت ریڈی نے بدھ کو مہا شیوراتری کے موقع پر ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کی۔

نماز تراویح
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( راست ) : جامع مسجد طور قاضی پورہ میں چاند رات سے مولانا حافظ میر لطافت علی ، شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ تراویح میں روزانہ سوا پارہ تلاوت کریں گے ۔ نماز عشاء 8-45 بجے ہوگی ۔۔
٭٭ رمضان المبارک میں چاند رات سے نماز تراویح میں حافظ ہاشم حسینی ، مسجد علی الکربی ، پہاڑی شریف ابوشیر کالونی میں روزانہ سوا پارہ قرآن شریف سنائیں گے ۔ نماز عشاء 8-30 بجے ہوگی ۔۔
چھ شبی شبینہ
٭٭ چاند رات سے 5 رمضان تک روزانہ نماز تراویح میں مولانا حافظ و قاری سید عبدالقادر مصباحی جامع مسجد محمدیہ مسجد گڈہ رحمت نگر یوسف گوڑہ میں 5 پارے سنائیں گے ۔ نماز عشاء 8-15 بجے ہوگی ۔۔

جشن ولادت حضور غوث اعظم دستگیر ؒ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( راست ) : جشن ولادت حضور غوث اعظم دستگیر ؒ 27 فروری بعد نماز عصر بمقام آر ڈی ریزارڈ مرگ ملا درگاہ امان جان باواجان کرناٹک میں منعقد ہوگا ۔ علماء و مشائخین کے بیانات ہونگے ۔ ابتدا میں تلاوت کلام پاک ، درود شریف ، ذکر کی محفل ، حمد ، نعت و منقبت کی محفل ہوگی ۔ بعدہ محفل سماع ہوگی ۔ خواتین کے لیے علحدہ نشستوں کا اہتمام رہے گا ۔۔
٭٭ جشن ولادت حضرت سیدنا پیران پیرؒ زیر اہتمام سلسلہ عالیہ قادریہ رزاقیہ عثمان منزل وائٹ بلڈنگ روبرو چمن مغل پورہ 29 شعبان بعدنماز فجر قصیدہ بردہ شریف و زیارت آثار شریف زیر نگرانی مولانا سید شاہ عبدالقادر حسنی مقرر ہے ۔ مولانا سید شاہ عبدالرزاق حسینی قادری کاظم پاشاہ قادری ، مولانا سید شاہ عبداللطیف حسینی قادری عظیم پاشاہ قادری مہمان خصوصی ہوں گے ۔ محفل چشت سماع 10-30 بجے دن تا 12-30 بجے ہوگی ۔۔