مذہبی خبریں

   

روزہ نفس وشیطان کے مکروفریب سے بچنے کاذریعہ قرآن مجید کا پڑھنا ،دیکھنا ، سننا سب عبادت
انڈیا فنکشن ہال میں منعقدہ جلسہ فیضان رمضان واصلاح معاشرہ سے ڈاکٹررضوانہ زرین کا خطاب
حیدرآباد 12/مارچ (راست) ڈاکٹر مفتیہ رضوانہ زرین پرنسپل وشیخ الحدیث جامعۃ المؤمنات نے رین بازار انڈیا فنکشن ہال میں منعقدہ جلسہ فیضان رمضان البارک واصلاح معاشرہ برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روزہ تزکیہ نفس اور طہارت قلب ہے،روزہ تقویٰ پیداکرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے روزہ کے سبب سے انسان اپنے نفس کے شر سے محفوظ رہتا ہے اوراپنے نفس اور بدن کو گناہوں سے بچاتا ہے ،روزہ نفس وشیطان کے مکروفریب سے بچنے کا نہایت جامع ترین رحمانی وربانی نتیجہ ہے اللہ کے پیارے رسول ﷺ نے ارشاد فرمایا قسم ہے اس ذات کی جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے ،روزہ دار کے منہ کی بو اللہ کے نزدیک مشک سے زیادہ بہتر ہے (بخاری شریف) حضرت کعب ؓ فرماتے ہیں کہ جو شخص رمضان شریف میں روزے پورے کرے اوراسکی نیت یہ بھی ہو کہ رمضان کے بعد گناہوں سے بچتا رہوں گا وہ بغیر حساب وبغیر سوال وجواب کے جنت میں داخل ہوگا حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا اگر اللہ تعالیٰ کے بندے رمضان کی فضیلت جان لیں تومیری امت تمام سال روزہ سے رہنے کی خواہش مند ہوتی ہے۔ (بیہقی) محترمہ رضوانہ زرین نے مزید کہا کہ قرآ ن مجید علم وعبادت کا مجموعہ ہے، قیامت تک قرآن مجید کی کوئی آیت ،کوئی حروف اور کوئی حرکت تبدیلی نہیں ہوسکتی یہ قرآن مجید کا اعجاز ہے، قرآن مجید کا پڑھنا ،دیکھنا ،سننا سب عبادت ہے،قرآن مجید اللہ کا کلام ہے جو ہمارے نبی کریم ﷺ پر نازل ہوا حضور ﷺ نے فرمایاتم میں بہترین شخص وہ ہے جو قرآن مجیدک سیکھے اور سکھائے،اور،جولوگ قرآن مجید پر ایمان لاتے ہیں اورعمل کرتے ہیں اللہ تعالیٰ ان کو دنیا وآخرت میں رفعت وعزت عطا فرماتا ہے اورجو لوگ قرآن مجید پر عمل نہیں کرتے انکو اللہ تعالیٰ ذلیل کردیتا ہے۔قرآن قلب انسانی کا نور ہے ، یہ دل پر طاری ہوتا ہے اور دل کی دنیا بدل دیتا ہے ، قرآن مجید میزان عمل ، میزان عدل اور میزان حیات ہے، قرآن مجید ایک ایسا معظم ومتبرک کلام الٰہی ہے کہ اس کے مثل کسی کا کلام نہیں ہوسکتا، جو شخص قرآن مجید کو اپنے آگے رکھتا ہے قرآن اسے جنت تک لے جاتا ہے،اور جو اسے پس پشت ڈال دیتاہے قرآن مجید اسے جہنم میں گرادیتا ہے ۔(المستدرک للحاکم)رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس آدمی کے دل میں قرآن مجید سے کچھ حصہ نہیں ہے وہ بے آباد گھر کی طرح ہے ۔(ترمذی شریف ) محترمہ رضوانہ زرین نے طالبات وخواتین سے پرزور اپیل کئے ہیں کہ وہ ماہ رمضان المبارک میں قرآن مجیدکی تلاوت کثرت سے کریں ۔خواتین وطالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ زیبائش وآرائش صرف شادی شدہ عورتوں کیلئے اپنے شوہر کے واسطے درست ہے۔ آج کل نئی نئی ایجادات اور جدید طریقے رائج ہورہے ہیںاورخواتین کو حسن وخودنمائی پر ابھار رہے ہیں،حتی کہ بعض اخبارات ورسائل میںاک مستقل خانہ اس کا بھی رہتا ہے جس میںعورتوں کو جائز کے ساتھ ناجائز طریقہ زیبائش سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔ہمیں اسلامی طریقہ پر گامزن رہنا چاہئے دنیوی عیش وآرام سے پرہیز کرنا چاہئے ۔دعا وسلام پر جلسہ کا اختتام عمل میں لایاگیا۔

محفل منقبت حضرت سیدنا امام حسنؓ
حیدرآباد : 12 مارچ (راست) مرکزی بزم میلاد النبیؐ کے زیر اہتمام بسلسلہ ولادت بسعادت شہزادہ رسول حضرت سیدنا امام حسنؓ سالانہ محفل منقبت 16 مارچ بروز اتوار 2 تا 4 بجے دن منعقد ہوگی۔ نگرانی جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی قادری کریں گے۔ حافظ محمد عبدالرحمن دانش کی قرأت کلام پاک سے محفل کا آغاز ہوگا۔ حافظ محمد عبدالباسط کی نعت پاک ہوگی۔ نگران محفل کے افتتاحی کلمات کے بعد شعر و نعت خواں حضرات مناقب حضرت سیدنا امام حسنؓ پیش کریں گے۔

ڈاکٹر سید عباس متقی علیل، دعاؤںاور مالی معاونت کی اپیل
حیدرآباد۔/12 مارچ، ( راست ) نامور مزاح نگار، ادیب، ماہر لسانیات اور اردو و فارسی کے ممتاز اسکالر ڈاکٹر سید عباس متقی شدید علالت کے باعث اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اہل خانہ اور عقیدت مندوں نے ان کی جلد صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کی اپیل کی ہے۔ ڈاکٹر سید عباس متقی نے اردو اور فارسی زبان و ادب کی ترویج کیلئے اپنی زندگی وقف کردی اورکافی گراں قدر تحقیقی و تدریسی خدمات انجام دیں۔ وہ متعدد علمی و تحقیقی کتابوں کے مصنف ہیں ۔ طبیعت ناساز ہونے کے سبب انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا وہ مسلسل زیر علاج ہیں اور ان کا علاج مہنگے طبی اخراجات کا متقاضی ہے۔ ہم کسی فرد سے چندہ نہیں مانگ رہے بلکہ وہ ادارے اور تنظیمیں جو مستحق مریضوں کے علاج میں مدد کرتی ہیں ان سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آگے بڑھیں اور ڈاکٹر صاحب کے علاج میں معاونت کریں۔ کئی فلاحی اسپتال اور مسلم تنظیمیں ایسے مریضوں کے علاج کیلئے موجود ہیں جن کی توجہ اس جانب مبذول کروانا ضروری ہے۔ اہل خانہ اور شاگردوں نے تمام احباب سے گذارش کی ہے کہ وہ ڈاکٹر سید عباس متقی کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کریں اور ساتھ ہی ان اداروں تک یہ پیغام پہنچائیں تاکہ بروقت مدد ممکن ہوسکے۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر8801562420 پر ربط کریں۔

یک شبی شبینہ
حیدرآباد۔/12 مارچ، ( راست ) کُل ہند مرکزی مجلس شیخ الاسلام بانی جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام 12 رمضان المبارک بروز جمعرات سنی مرکز مدرسہ برکات الحسنات میں یک شبی شبینہ مقرر ہے۔ حافظ و قاری مولانا مفتی پیر غلام احمد قریشی مجددی نقشبندی القادری 20 رکعت نماز تراویح میں مکمل قرآن مجید تلاوت کریں گے اور ہر دو رکعت کے بعد دلائل الخیرات کا کچھ حصہ ورد کرتے ہوئے مکمل دلائل الخیرات کا ورد کریں گے۔ نماز عشاء 8:15 بجے ہوگی۔ سحر کا انتظام رہے گا۔

مسجد عامرہ قدیم میں
نماز تراویح میں تین پارے
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مارچ : ( راست ) : مسجد عامرہ عابڈس میں 12 رمضان بروز جمعرات سے قدیم مسجد میں 10-30 بجے عشاء اور اس کے بعد تراویح میں 3 پارے سنائے جائیں گے ۔۔