محبت رسولﷺ کے اظہار پر گرفتاری و مقدمات ظلم عظیم
سخت حالات میں بھی اسلام کا سورج روشن رہیگا، مسجد حفیظیہ ریاست نگر میں مفتی عبدالفتاح عادل کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (راست) مومن کا شیوہ ہی نہیں ہے کہ وہ ظلم کے سامنے سر جھکا دے اور سر جھکاتا پھرے بلکہ ظالموں کا قانون کے دائرے میں رہ کر ڈٹ کر مقابلہ کرے۔ اس کے لیے راہ فرار اختیار کرنے کی اجازت نہیں ہے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ ظالم حکمرانوں کے سامنے انصاف اور سچائی کی بات کرنا سب سے بڑا جہاد ہے اس لیے اس وقت نبی کریم سرور دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت و عقیدت کا اظہار کرنے والے نوجوانوں اور علماء کرام کے خلاف جو مقدمات عائد کیے گئے اور ان کی گرفتاری عمل میں آئی اس کے خلاف مسلمانوں کو آواز اٹھانے کی ضرورت ہے اور اپنے ہر قول و عمل اور نقل و حرکت سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت و عقیدت کا ثبوت پیش کرنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ یہ فرقہ پرستوں کی جانب سے ظلم عظیم ہے آمرانہ سیاست کی علامت ہے اب اگر ملک میں مسلمانوں کو اپنے نبی سے محبت کے اظہار کی بھی آزادی نہیں ہوگی تو پھر جمہوریت اور سیکولرزم کا کیا فائدہ۔ اب تو ایسا لگتا ہے کہ یہ ملک آہستہ آہستہ ہندو راشٹر بنتا جا رہا ہے بلکہ عملا بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا مفتی عبدالفتاح عادل سبیلی استاد جامعۃ البنات سعیدآباد و نائب صدر وفاق العلماء تلنگانہ نے مسجد حفیظیہ ریاست نگر میں کیا مولانا نے کہا کہ نبی کریم سرور دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم نے خود ارشاد فرمایا ہے کہ تم اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتے جب تک کہ میں تمہارے نزدیک تمہارے آباؤ و اجداد آل و اولاد اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں۔ بڑے افسوس کی بات ہے کہ برادران وطن میں سے بہت سے ایسے گروہوں کو کھلی آزادی ہے کہ وہ جو چاہے نعرہ لگائیں اور اپنے گرو سے محبت و عقیدت کا اظہار جس انداز میں چاہے کریں لیکن مسلمان اگر اپنے نبی سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں تو یہ انہیں ناگوار ہوتا ہے دراصل منصوبہ بندی کے ساتھ اس ملک میں نفرت کا ماحول پھیلا یا جارہا ہے لیکن یاد رہے ہمارا ایمان ہے کہ سخت حالات آئیں گے اور ضرور آئیں گے مگر انہی سخت حالات کے درمیان سے اسلام کا سورج روشن نکلتا رہے گا اور غلبہ اسلام کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ مسلمانوں کے لیے بھی اس وقت یہ ضروری ہے کہ وہ ہر لایعنی چیزوں سے پرہیز کریں اپنے ایمان اور عمل کو مستحکم اور مضبوط بنائیں اپنے نبی سے صرف زبان کے ذریعے محبت کا اظہار ہی نہ کریں بلکہ اپنے عمل سے بھی اس کا ثبوت فراہم کریں، جسم کے ہر حصے سے اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت و عقیدت ظاہر ہو دنیا والوں کو یہ بتا دیا جائے کہ آپ ہی کی محبت والی تعلیمات کے نتیجے میں دنیا امن و سکون کا گہوارہ بن سکتی ہے آپ ہی ساری انسانیت کے لیے اسوہ اور نمونہ ہیں۔ آپ کی تعلیمات کے بغیر نہ کہیں امن و امان ہے اور نہ کہیں امن و امان ہو سکتا ہے آب ساری انسانیت کی نجات کا واحد حل اور اخروی کامیابی کا واحد ذریعہ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی اور اطاعت میں ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں تا دم حیات اسلام پر قائم اور دائم رکھے اور اسلام ہی کی حالت میں دنیا سے رخصت فرمائے امین
جلسہ فیضان غوث اعظمؓ
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (راست) کل ہند مرکزی مجلس اہلسنت و جماعت کے زیراہتمام بیالیسواں مرکزی جلسہ فیضان سیدنا غوث اعظم دستگیرؓ اتوار 12 ربیع الثانی صبح 10 بجے پہلا مرکز اہلسنت جامع مسجد افضل گنج حیدرآباد منعقد ہے۔ مولانا سید شجاعت علی سراج قادری صدارت کریں گے۔ مولانا محمد باقر علی صدیقی قادری، مولانا حافظ محمد امجد نقشبندی، جناب محمد مجیب قادری، جناب محمد علی قیصر قادری ایڈوکیٹ، مولانا سید حامدالحسن کلیمی چشتی و قادری علی پاشاہ اور جناب سالم چشتی کنوینر کے خطابات ہوں گے۔
٭٭ دارالعلوم سیف الاسلام خلوت پیالیس روڈ مسجد تیغ جنگ میں مرکزی انجمن سیف الاسلام کے زیراہتمام جلسہ حضور سیدنا غوث اعظمؓ 12 ربیع الآخر اتوار کو بعد نماز مغرب منعقد ہوگا جس کی صدارت مولانا ابو عماد عرفان اللہ شاہ نوری چشتی قادری کریں گے۔ مولانا حافظ سلمان سہروردی کے علاوہ دیگر علماء کے خطابات ہوں گے۔
٭٭ مسجد چارچمن جہاں نما میں 5 اکٹوبر اتوار کو بعد نماز عصر جلسہ فیضان حضور غوث اعظمؓ مقرر ہے۔ مولانا لئیق احمد انواراللہیٰ کا خطاب ہوگا۔ درس فقہ بھی ہوگا۔
٭٭ نوجوانان اہلسنت سید نگر بنجارہ ہلز کے زیراہتمام 5 اکٹوبر اتوار بعد نماز عشاء مسجد مصطفی سید نگر اندرون کمان روڈ نمبر 12 بنجارہ ہلز میں غوث اعظم کانفرنس مقرر ہے۔ صوفی شیخ کریم الدین علی شاہ قادری الازہری سرپرستی کریں گے۔ مہمان خصوصی مولانا طفیل احمد خان صابری قادری (گوا) اور مولانا قاضی شیخ قادر محی الدین قادری و شیخ درویش محی الدین خالد قادری بیان کریں گے۔ تناول طعام برائے خاص و عام کا معقول انتظام رہے گا۔
درس قرآن مجید
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : جامعہ قدیریہ ٹولی چوکی پراماونٹ کالونی گیٹ نمبر 3 خطیب صاحب کے مکان پر بعد نماز ظہر ڈاکٹر صوفی سید شاہ محمد عبدالمستجب قادری درس قرآن دیں گے ۔۔
٭٭ خانقاہ حضرت پیر سید شاہ حسن قادری الجیلانی المعشوقی پر اتوار کو بعد نماز عشاء 9 بجے تا 11 بجے شب درس قرآن پاک و خطبات غوث پاکؒ کا انعقاد ہوگا ۔ بعد محفل نعت و سلام پر اختتام ہوگا ۔۔
٭٭ درس تفسیر قرآن مسجد حسینی نلگنڈہ کراس روڈ ملک پیٹ میں اتوار کو بعد نماز ظہر حافظ سید شاہ مرتضیٰ علی صوفی حیدر پاشاہ قادری بیان کریں گے ۔ مولانا سید شاہ احمد نور اللہ قادری نگرانی کریں گے ۔۔
٭٭ مرکزی مجلس فیضان ملتانیہ کے زیراہتمام ہفتہ واری محفل درس قرآن مجید و تفسیر زیرنگرانی مولانا ابوالمحامد شاہ سید عبدالرزاق حسینی القادری بمقام جامع مسجد حبیبہ عقب اذان انٹرنیشنل اسکول سات گنبد روڈ اتوار کو بعد نماز ظہر مقرر ہے۔ پروفیسر مولانا ابو زاہد شاہ سید وحیداللہ حسینی القادری الملتانی درس قرآن مجید دیں گے اور تفسیر بیان کریں گے۔
٭٭ جامع مسجد وزیرالنساء بیگم روبرو درگاہ حضرت کملی والے شاہ صاحب قبلہؒ بیرون دبیرپورہ میں 5 اکٹوبر اتوار کو بعد نماز ظہر مفتی محمد نذیرخان درس قرآن مجید دیں گے۔
٭٭ ڈاکٹر سید شاہ خلیل اللہ اویس بخاری نقشبندی 5 اکٹوبر اتوار کو بعد نماز مغرب تا عشاء مسجد حضرت سید شاہ فیض اللہ حسینی بندہ نوازیؒ، شکرگنج میں درس دیں گے۔ فقہی و دینی سوالات کا جواب بھی دیں گے۔
عرس شریف،قطب دکن حضرت حبیب عیدروس بن حسین العیدروسؒ
حیدرآباد۔ 4 اکٹوبر ۔ ( راست ) قطب الاقطاب حضرت حبیب عیدروس بن حسین العیدروس العلوی الحسینی رحمتہ اللہ علیہ کے 101 ویں عرس شریف کے مراسم کا زیرنگرانی حضرت حبیب مجتبیٰ بن جعفر بن احمد العیدروس قبلہ13 ربیع الثانی، 6 اکٹوبر بروز پیر جلوس صندل سے آغاز عمل میں آئے گا۔ جلوس صندل4 بجے شام بیت العید روس، فتح دروازہ سے نکل کر بارگاہ عیدروسیہ درگاہ خطہ صالحین، نامپلی بوقت مغرب پہنچے گا اور بعد نماز مغرب حضرت حبیب مجتبیٰ قصیدہ بردہ شریف ، صندل مالی و دیگر تقریبات کی نگرانی کریں گے۔ محفل سماع و چراغاں کا 14 ربیع الثانی، 7 اکٹوبر بروز منگل بعد نماز مغرب قصیدہ بردہ اور محفل سماع کا درگاہ خطہ صالحین میں انعقاد عمل میں آئے گا۔ مراسم عرس کا اختتام 15 ربیع الثانی ، 8 اکٹوبر بروز چہارشنبہ کو مجلس ختم القرآن ، محفل ذکر و دعا سے ہوگا۔ بعد نماز فجر (صبح 8 بجے ) ختم القرآن کا درگاہ میں انعقاد عمل میں آئے گا اور نگران محفل حضرت حبیب مجتبیٰ بن جعفر العیدروس دعاء فرمائیں گے۔
درس بخاری شریف
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (راست) مسجد قادرالدولہ اندرون کوٹلہ عالیجاہ چیونٹی شاہ میدان یاقوت پورہ میں 5 اکٹوبر اتوار کو بعد نماز عصر مفتی سید واحد علی قادری درس بخاری شریف دیں گے۔
٭٭ مسجد انیس سلطانہ نشیمن نگر تالاب کٹہ میں 5 اکٹوبر کو بعد نماز مغرب مفتی سید واحد علی قادری درس بخاری شریف دیں گے۔ قاری شیح معزالدین قادری شرفی نگرانی کریں گے۔
٭٭ درس بخاری شریف اتوار کو بعد نماز عشاء قیام گاہ الحاج محمد اسد اللہ خسرو چشتی واقع متصل مسجد محی الدین ، سید علی چبوترہ ، روپ لعل بازار مقرر ہے ۔ مفتی محمد حنیف قادری درس دیں گے اور سوالات کے جوابات دیں گے ۔
تنظیم اصلاحی معاشرہ کا
آج اجتماع و محفل ذکر
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (راست) عبدالصمد عمر کے بموجب تنظیم اصلاح معاشرہ و ازالہ منکرات کا اجتماع 5 اکٹوبر اتوار کو 12 بجے دن خضرا کالونی الکاپور روڈ ٹولی چوکی میں منعقد ہے۔ مولانا ممشاد علی صدیقی کا خطاب ہوگا۔ بعد نماز ظہر محفل تزکیہ نفس و حلقہ ذکر منعقد ہے۔
قراء سبعہ عشرہ کی حیدرآباد آمد
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (راست) مفتی غیاث محی الدین کے بموجب 9 اکٹوبر جمعرات کو مولانا احمد بزرگ مہتمم جامعہ اسلامیہ تعلیم الدین ڈابھیل و رکن شوری دارالعلوم دیوبند اور قراء کرام کی حیدرآباد تشریف آوری ہوگی۔ 10، 11، 12 اکٹوبر جمعہ، ہفتہ، اتوار شہر کے مختلف مدارس میں مظاہرہ قرأت اور فن تجوید و قرأت پر خطابات ہوں گے۔
محفل نعت پاک
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (راست) مرکزی بزم میلادالنبیﷺ کے زیراہتمام محفل نعت پاک برائے کمسن طلباء و طالبات 5 اکٹوبر اتوار کو بعد نماز مغرب مسجد حضرت مولوی محمد زماں خانصاحب شہیدؒ روپ لال بازار میں مقرر ہے۔ نگرانی جناب سید شاہ احمد علی تاجی شرفی کریں گے۔
حافظ میر لطافت علی کا درس قرآن
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : جامع مسجد طور ، قاضی پورہ میں بروز اتوار بعد نماز مغرب حافظ میر لطافت علی سابق شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ درس قرآن دیں گے ۔۔
عظمت اولیاء کے عنوان پر خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : مسجد باغ مسلم جنگ ( صحیفہ مسجد ) اعظم پورہ میں 5 اکٹوبر اتوار بعد نماز ظہر مولانا حافظ سید احمد محی الدین قادری زاہد پاشاہ بعنوان ’عظمت اولیاء اللہ ‘ مخاطب کریں گے ۔ مرزا ساجد بیگ نگرانی کریں گے ۔۔
محفل ذکر
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (راست) محفل ذکر و درود شریف ختم خواجگان 5 اکٹوبر صبح 10 بجے درگاہ حضرت خواجہ صوفی شاہ محمد ریاضت علی چشتی بہ حضرت صوفی بابا ؒ چشت نگر جل پلی زیر نگرانی حضرت خواجہ صوفی شاہ محمد زبیر چشتی مقرر ہے ۔۔
مراسم غسل شریف
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (راست) عرس شریف حضرت خواجہ مرزا محمد بیگ قبلہ ؒ واقع آغاپورہ میں 5 اکٹوبر اتوار کو بعد عشاء مراسم غسل شریف مقرر ہے۔ مولانا محمد مجیب خان نقشبندی کا سیرت اولیاء پر خطاب ہوگا۔ جملہ مراسم مولانا محمد کلیم اللہ چشتی مرزائی اولیا بابا انجام دیں گے۔ 6 اکٹوبر دوشنبہ 4 بجے دن جلوس صندل خانقاہ حافظیہ عقب عثمانیہ بازار اردو شریف سے برآمد ہوگا۔ بعد عشاء محفل سماع 11 بجے شب صندل مالی انجام دی جائے گی۔
جماعت اسلامی چھتہ بازار کا ہفتہ واری اجتماع عام
حیدرآباد ۔ 4 اکٹوبر (راست) جماعت اسلامی ہند چھتہ بازار کا ہفتہ واری اجتماع عام 5 اکٹوبر اتوار کو 11 بجے دن سید مودودی لکچر ہال چھتہ بازار میں منعقد ہوگا۔ جناب احمد بن عوض کارکن جماعت اسلامی ہند چھتہ بازار درس قرآن دیں گے۔ جناب محمد عمادالدین رکن مجلس شوریٰ جماعت اسلامی ہند ریاست نگر رسول اکرمﷺ کی حکمت انقلاب کے عنوان پر مخاطب کریں گے۔ جناب محمد حبیب الدین بیگ کنوینر کے فرائض انجام دیں گے۔