مذہبی خبریں

   

ماہ صیام کی تیاری ماہ شعبان سے ہی شروع کی جائے
بزم رحمت عالم کا مرکزی جلسہ شب برات۔ مولانا عبدالعلیم سعدی الحسنی کلیہ امام اعظم اور مولانا احمد نقشبندی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد -4فروری (پریس نوٹ)ماہ رمضان کو غنیمت جانا جائے۔ ماہ شعبان سے ہی ماہ صیام کی تیاری کی جائے۔ روزے کے احکام اور تمام مسائل سے واقفیت حاصل کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار بغداد شریف کی سرزمین سے تشریف لائے مولانا محمد عبدالعلیم سعدی الحسنی کلیہ امام اعظم(عراق) نے کل ہند بزم رحمت عالم کے زیر اہتمام مرکزی جلسہ شب برات سے کیا جو قلی قطب شاہ گراؤنڈ ہائی کورٹ روڈ پر منعقد ہوا- صدارت صدر بزم جناب ایم اے مجیب ایڈوکیٹ نے کی- مولانا نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آج کی رات مغفرت کی رات ہے، گناہوں سے توبہ کرنے کی رات ہے۔ آج کی رات برائیوں سے بچنے کی رات ہے۔ شب برات میں غروب آفتاب سے لے کر طلوع آفتاب تک اللہ رب العزت نزول جلال فرماتا ہے اور اعلان کرتا ہے کہ کوئی ہے گناہوں کی مغفرت چاہنے والاہے تاکہ اس کے گناہوں کو معاف کروں، کوئی روزی چاہنے والا ہے اسکے رزق میں کشادگی کروں، اس رات میں بندہ خشوع و خضوع کے ساتھ گڑگڑاکر جو دعا کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے گناہوں کو معاف کرتا ہے اور اسکے رزق میں اضافہ کردیتا ہے اسکے درجات کو بلند فرمادیتا ہے-علامہ مولانا احمد نقشبندی امیر تحریک صدائے اسلام نے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ادب و احترام ایمان کی دلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کسی قسم کی کمی پر تمام عبادتیں ضائع ہو جاتی ہیں۔ لہذا بارگاہ ایزدی میں زیادہ سے زیادہ دعائیں مانگی جائیں۔دعا عبادت کا مغز ہے۔مولانا احمد نقشبندی نے اصلاح معاشرے پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آج شہر حیدرآباد میں قتل و غارت گری کے واقعات میں کافی اضافہ ہو گیا ہے۔ نشہ کی لت بری طرح پھیل رہی ہے۔ ایسے حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان آگے آئیں اور اصلاح معاشرے کے لئے کام کریں۔ مولانا احمد نقشبندی نے نوجوانوں کے ضمیر کو جھنجھوڑا اور کہا کہ وہ نیک بنیں۔ نمازوں کی پابندی کی جائے۔ نگران جلسہ مولانا حافظ مظفر حسین خان قادری نے کہا کہ آج کی رات اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں نبی کریمؐ کے وسیلہ سے گڑگڑاکر دعامانگیں۔ یقینا اللہ رحیم و کریم ہے۔ آج کی رات توبہ قبول ہونے والی رات ہے۔آج کی رات مانگنے والی رات ہے اور انعامات حاصل کرنے والی رات ہے۔آج کی رات اعمال بھی پیش کئے جاتے ہیں اور آنے والے سال کا حساب کتاب لکھا جاتا ہے۔انہوں نے مسلمانوں کو ہمیشہ سچ بولنے کی تلقین کی.جناب ایم اے مجیب صدر بزم نے کہا کہ دین اسلام اللہ کا پسندیدہ دین ہے اس دین کے علاوہ سابقہ تمام ادیان کو پروردگار عالم نے منسوخ فرمادیا۔ اب قیامت تک دین اسلام کا سکہ چلتا رہیگا۔ دین اسلام کے احکام پر عمل پیرا ہونے کیلئے اسوئہ رسولؐ اپنانا ضروری ہے۔جلسہ کی سرپرستی حضرت خواجہ سید ابو تراب شاہ قادری چشتی یمنی بندہ نوازی تراب قدیری سجادہ نشین ہلکٹہ شریف نے کی-جلسہ کا آغاز قاری محمد تنظیر کی قرات کلام پاک سے ہوا جبکہ شفیع خان -سید اسد اللہ شریف- عمر عبداللہ رضوی اور ڈاکٹر کونین رضا نے بارگاہ رسالت ماب صلی اللہ علیہ وسلم میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا -مقامی علمائے کرام مولانا عابد رضا مصباحی اور مولانا محمد سلمان رضوی قادری نے بھی مخاطب کیا- حافظ وقاری سید وسیم الدین احمد اسدی قادری شمیمی صدر استقبالیہ تھے۔مصطفی خان قادری نے نظامت کے فرائض انجام دیئے-آخر میں دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔احمد نقشبندی نے عالم اسلام کی سربلندی کے لئے خصوصیت کے ساتھ دعا کی۔ آپ نے جناب احمد پاشاہ قادری کا تذکرہ کیا اور اللہ تبارک و تعالی سے دعا ہے کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔احمد نقشبندی نے تمام مومنین و مومنات کی بخشش کے لئے بھی بارگاہ ایزدی میں دعا کی۔-ساجد احمد قادری-جی ایم معراج-شیراز خان -سید الطاف قادری شمیمی اور دیگر نے انتظامات میں حصہ لیا- جلسہ گاہ میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید کی کثیر تعداد موجود تھی-

شب برات اُمت محمدیہ کے لیے مغفرت و بخشش کی عظیم رات
کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کا جلسہ شب برات ، مفتی سلمان ازہری ، مفتی سید ریحان میاں و دیگر کے خطابات
حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( راست ) ۔ شب برات عظیم نعمتوں ولی رات ہے، اللہ تعالی نے ہمیں دنیا کی تمام اُمتوں میں افضل بنایا ہے یہ صرف بتایا نہیں گیا بلکہ نعمتوں کے ساتھ ہمیں سرفراز بھی کیا گیا ہے۔ نبی پاک ﷺ کے صدقہ و طفیل اللہ پاک نے ہمیں کئی نعمتیں عطا فرمائیں۔ قرآن پاک جیسی عظیم آسمانی کتاب سے ہمیں سرفراز کیاگیا۔ جس میں زندگی گذارنے کا بہترین سلیقہ و تربیت دی گئی ہے عبادت، ذکر الہٰی، حضور پاک ؐسے محبت، انبیاء کی تعظیم، اولیاء کی تعظیم، دیگر مذاہب کی حقیقتیں، حلال و حرام کی تمیز، رشتوں کا احترام غرض کے نظام زندگی کا ہر سلیقہ و تربیت ہمیں بتادی گئی اور سب سے بڑی عطا یہ ہے کہ ہمیں نبی پاک ﷺ کے ذریعہ ایمان جیسی عظیم نعمت عطا فرمائی۔ ان خیالات کا اظہار کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے مرکزی جلسہ شب برات و تحفظ ِ ناموس رسالت ؐ منعقدہ3/فروری بروز منگل بعد عشاء گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ چنچل گوڑہ سے بیرونی مہمان مقرر مفتی سلمان ازہری حفظہ‘ اللہ (فاضل جامعہ ازہر) نے کیا۔ سرپرستی مولانا سید محمد شاہ قادری ملتانی، نگرانی جناب محمد شوکت علی صوفی نے کی۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی) نے مہمان مقررین کا استقبال کیا۔ جلسہ کا آغاز حافظ و قاری کلیم الدین حسان کی قرات سے ہوا، بارگاہِ رسالتمآب ؐ میں ثناء خوان محمد صدیق، داؤد قادری نے ہدیہ نعت پیش کی۔ نظامت کے فرائض محمد کمالی حسین رضوی نے انجام دئیے۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مولانا محمد اخلاق اشرفی ، حکیم ایم اے ساجد قادری ملتانی ، جناب محمد نعیم صوفی ، مولانا ظہیر الدین رضوی القادری ، مولانا محمد عبدالماجد رضاقادری، مفتی فاروق رضا قادری ، مولانا شاکر اشرفی، ڈاکٹر حیدر یمنی ، ڈاکٹر محمد عظیم برکاتی ، محمد سرشار ، سید اعزاز محمد قادری نے شرکت کی۔ دوسرے مہمان مقرر مفتی سید ریحان میاں ( اتر پردیش) نے کہا کہ اسلام پاکیزہ مذہب ہے اور ہر چیز کی ہدایت و تعلیم ہمیں سکھادی گئی۔ یہاں تک کہ ہمیں دیگر مذاہب کے مقابل کئی نعمتوں سے نوازا گیا جس میں عظیم متبرک راتیں شامل ہیں جس میں آج کی عظیم شب، شب ِ برات بھی شامل ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے خواہش کی کہ آج کی رات مغفرت و بخشش کی رات ہے، آج عہد کرلو کہ آج سے ہم کوئی گناہ نہیں کرینگے، بارگاہِ رب العزت میں ہمیشہ توبہ کرینگے، نمازوں کی پابندی کرینگے، قرآن پاک کی تلاوت اور حقوق العباد کی پاسداری کرینگے یہی ہماری کامیابی کا ذریعہ بنے گی۔ اپنے آپ کو اور اپنی اولاد کو بہترین دینی تعلیم و تربیت دینا ہمارا اہم فریضہ ہے۔ مولانا سید شاہ عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی نے کہا آج کی عظیم رات مغفرت و نجات کی رات ہے،قرآن پاک میں رب تعالیٰ نے ماں باپ کے آگے ادب سے جھکنے کا حکم فرمایا ہے اور فرمایا کہ ان سے تیز اور بلند آواز میں بات نہ کرنا، للہ اے نوجوانو! اپنے ماں باپ کو راضی کرلو، تمہاری دنیا و آخرت کامیاب ہوجائیگی۔مولانا سید شاہ عبدالمقتدر حسینی رضوی قادری شرفی، مولانا محمد اقبال احمد رضوی، مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی (نائب صدر رحمت عالم کمیٹی)نے بھی خطاب کیا۔ محمد اسلم اشرفی، محمد عادل اشرفی، سید لئیق قادری، محمد عبدالمنان عارف قادری، عبید اللہ سعدی قادری شرفی، عبدالکریم رضوی، سید طاہر حسین قادری نے انتظامات کئے۔ آخر میں ذکر و صلوٰۃ و سلام پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔

مسلمانوں کو تقویٰ اور پرہیزگاری پیدا کرنے پر زور
میلاد میدان خلوت میں جلسہ شب برات سے مولانا شاہ سید محمد سلمان میاں و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( راست ) : موجودہ سماج و معاشرہ ان دنوں برائیوں اور خرابیوں میں مبتلا ہوتے جارہے ہیں ۔ اس کو ان برائیوں سے دور رکھنے اور اپنا احتساب و جائزہ لینے کے لیے اسلام نے مسلمانوں کو ایسی نورانی راتوں سے نوازا جس میں وہ رب کے حضور کھڑے ہو کر ندامت ، عاجزی ، انکساری کے ساتھ دعائیں مانگیں تو رب ان کی دعاؤں کو نہ صرف قبول کرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار مہمان بیرونی مقرر مولانا شاہ سید محمد سلمان میاں اشرفی الجیلانی سجادہ نشین خانقاہ اشرفیہ ( اترپردیش ) نے کل ہند مرکزی میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام مرکزی جلسہ شب برات سے کیا جو میلاد میدان روبرو خلوت پیالیس منعقد ہوا ۔ نگرانی جناب خواجہ معین الدین اقبال قاری ملتانی صدر مرکزی میلاد کمیٹی نے کی جب کہ جناب سید محمد شجاعت حسین قادری سرپرست اعلیٰ نے سرپرستی کی ۔ مولانا سید محمد سلمان میاں اشرفی الجیلانی نے اپنے خطاب میں مسلمانوں پر زور دیا کہ رب کائنات کا احسان عظیم ہے کہ اس نے ہر سال ایسی نورانی راتوں سے گذارتے رہتا ہے تاکہ مسلمان ان راتوں کے ذریعہ اس کی برکتیں ، رحمتیں ، عنایتیں و انعامات حاصل کرسکیں ۔ مولانا عرفان قادری نے فضائل شب برات بیان کئے اور کہا کہ آج کی رات مرحومین کے لیے مغفرت اور ان کے درجات کی بلندگی کے لیے دعائیں مانگنے کی رات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب بندہ گناہ کا ارادہ کرتا ہے تو اس پر گناہ لکھا نہیں جاتا جب تک کہ گناہ سرزد نہ ہوجائے۔ اس رحیم و کریم ذات کو ہم بار بار یاد کرنے اُس کی طرف متوجہ ہونے کی شدید ضرورت ہے ۔ مولانا مفتی سید بہاؤ الدین نقشبندی قادری نے کہا کہ اس رات رب اپنی رحمتیں برکتیں انڈھیل دیتا ہے اس لیے ان راتوں کی قدر دانی کرنی چاہئے اس لیے کہ یہ راتیں پچھلی نبیوں کی امت پر نہیں آئی مگر امت محمدیہ پر رب کا یہ احسان عظیم ہے کہ وہ ان نورانی راتوں سے گذار رہا ہے۔ جناب خواجہ معین الدین اقبال ملتانی نے مہمان مقرر اور مقررین و شرکاء کا خیرمقدم کیا ۔ اس کمیٹی میں ذمہ داران و اراکین کمیٹی نے بھر پور تعاون کیا ۔ جس میں چند اراکین کمیٹی دنیا سے رخصت ہوگئے ۔ اُن کے لیے مغفرت کی دعا کی گئی ۔ خاص طور پر جناب سید احمد پاشاہ قادری کے انتقال پر دعائے مغفرت کی گئی ۔ مولانا غلام محمد خاں نقشبندی کی قرات سے جلسہ کا آغاز ہوا ۔ جناب اسد اللہ شریف ، جناب امتیاز قادری نے نعت شریف سنانے کی سعادت حاصل کی ۔ رات دیر گئے جلسہ کا اختتام سلام بحضور خیرالانامؐ پر ہوا ۔ مولانا محمد جہانگیر پاشاہ قادری نے کارروائی چلائی ۔ اس موقع پر مرکزی میلاد کمیٹی کے نائب معتمدین جناب عبید بن عثمان العمودی ، جناب محمد مشتاق علی ایم جے ، جناب محمد عمران احمد ، جناب آدم اشرفی ، جناب محمد فردوس افتخاری ، حافظ محمد علی خاں قادری ، حافظ محمد مجاہد خاں قادری ، غلام محی الدین معتمد اور دیگر موجود تھے ۔ اس موقع پر جناب خواجہ معین الدین اقبال قادری ملتانی نے محکمہ بلدیہ ، پولیس ، نواز کمپنی ، جناب ساحل اکبر کے علاوہ پریس ومیڈیا کے نمائندوں سے اظہار تشکر کیا ہے ۔۔

مدرسہ باب العلم انوار محمدی کا جلسہ تقسیم اسناد ، عطائے خلعت و دستاربندی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( راست ) : مدرسہ باب العلم انوار محمدی پولیس کالونی بہادر پورہ کا سالانہ جلسہ تقسیم اسناد ، عطائے خلعت و دستار بندی اتوار 8 فروری 9 ساعت تا نماز ظہر احاطہ مدرسہ میں گراونڈ میں مولانا مفتی خلیل احمد ( امیر جامعہ نظامیہ ) ، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری ( سجادہ نشین درگاہ حضرت شاہ خاموشؒ ) کی زیر سرپرستی اور مولانا سید آل مصطفی قادری الموسوی الجیلانی علی پاشاہ ، مولانا سید آل رسول قادری الموسوی الجیلانی حسنین پاشاہ کی زیر نگرانی مقرر ہے ۔ مولانا سید شاہ محمد علی الحسینی ( سجادہ نشین روضہ بزرگ گلبرگہ شریف ) ، مولانا محمد سیف اللہ قادری ، بیرسٹر اسد الدین اویسی ، مولانا محمد عبدالمجید صدیقی ، مولانا سید محمود رضوی ارشد پاشاہ ، مولانا خواجہ بہاء الدین نقشبندی فاروق ، مولانا سید سلطان محی الدین قادری مرتضی پاشاہ ، مولانا سید محمد سیف الدین حسینی رضوی شرفی ، سید لطیف الدین جاوید قادری ، مولانا عرفان اللہ شاہ نوری ، جناب محمد مبین ( ایم ایل اے ) ، جناب محمد سلیم ، مہمان خصوصی ہوں گے ۔ مولانا حافط محمد رضوان قریشی 117 تکمیل حفظ کی سعادت پانے والے طلباء کو تکمیل حفظ کروائیں گے ۔۔