گائیڈ لائنس تیار کرنے حکومت کو ہائیکورٹ کی ہدایت
حیدرآباد : 4 فبروری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ہائیکورٹ نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ مذہبی مقامات ، تعلیمی اداروں اور ہاسپٹلس کے 100میٹرس کے حدود میں میٹ اور نان ویجٹیرین غذائی اشیاء کی فروخت اور استعمال کے سلسلہ میں پالیسی تیار کریں۔ عدالت نے وزارت شہری ترقی اور وزارت داخلہ کو ہدایت دی کہ اس سلسلہ میں احتیاط سے جائزہ لیتے ہوئے گائیڈ لائنس کا تعین کریں تاکہ مذہبی مقامات کو آنے والے افراد کے مذہبی جذبات مجروح نہ ہوں ۔ عدالت نے نان ویجیٹرین اشیاء کی فروخت کے مراکز پر صحت و صفائی کو یقینی بنانے کے علاوہ لاء اینڈ آرڈر اور ٹریفک جیسے اُمور پر توجہ کی ہدایت دی ۔ عدالت نے کہا کہ نان ویجٹیرین اشیاء کی تعلیمی اداروں اور مذہبی مقامات کے قریب فروخت کیلئے مقامی پولیس اسٹیشن سے این او سی کے حصول کو لازمی قرار دیا جائے ۔ فوڈ آوٹ لٹس ، ہوٹلس اور دیگر مراکز پر ٹریفک کے مسائل اور لاء اینڈ آرڈر کے سلسلہ میں اقدامات کی ہدایت دی گئی ۔ عدالت نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گائیڈ لائنس کی عدم موجودگی کے سبب نان ویجٹیرین اشیاء کی مذہبی مقامات کے قریب فروخت سے عوام کے جذبات مجروح ہونے کا اندیشہ ہے ۔ جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے ایک تاجر کی جانب سے دائر کردہ درخواست کی سماعت کے دوران یہ ہدایات جاری کیں ۔ درخواست گزار نے شکایت کی کہ جی ایچ ایم سی سے اجازت حاصل کرنے کے باوجود پولیس اور بلدی حکام ہراساں کررہے ہیں ۔ حکام کا کہنا ہے کہ قدیم مندر کے قریب ہوٹل کے قیام سے امن و ضبط کی صورتحال بگڑسکتی ہے ۔ سرکاری وکیل نے درخواست گزار کے دعوے کی نفی کی تاہم عدالت کا کہنا تھا کہ مذہبی مقامات کے قریب نان ویجٹیرین اشیاء کے بارے میں سرکاری طور پر گائیڈ لائنس موجود نہیں ہیں ۔ ہائیکورٹ نے حکومت کو گائیڈ لائنس تیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے جوں کا توں موقف برقرار رکھنے کی ہدایت دی ۔ 1
چیف منسٹر کی توہین آمیز تصاویر، مقدمہ عدالت سے رجوع
حیدرآباد : 4 فبروری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ ہائیکورٹ نے ریاستی حکومت اور کانگریس لیڈر کو نوٹس جاری کی ہے ۔ محبوب نگر کے ایک بزنسمین نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی اہانت آمیز تصاویر کے معاملہ میں مقدمہ کالعدم کرنے کیلئے درخواست دائر کی ہے ۔ پولیس نے سوشل میڈیا میں چیف منسٹر کی توہین آمیز تصاویر وائرل کرنے کے الزام کے تحت تاجر کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔ نارائن پیٹ پولیس اسٹیشن میں کانگریس لیڈر نرسمہا کی شکایت پر وینکٹیش کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔ جسٹس جے سرینواس راؤ نے ریاستی حکومت اور کانگریس ورکر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 11فبروری کو آئندہ سماعت مقرر کی ہے ۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ چیف منسٹر کی تصاویر وائرل کرنے کے معاملہ میں اُن کے موکل بے قصور ہیں۔ عدالت سے مقدمہ کو کالعدم کرنے کی درخواست کی گئی ۔ 1