مردم شماری پر5 نومبر کوگاندھی بھون میں اجلاس ،راہول گاندھی کی شرکت

   

سیول سوسائٹی اور مختلف طبقات کے نمائندوں سے ملاقات، مہیش کمار گوڑ نے انتظامات کا جائزہ لیا

حیدرآباد۔/3نومبر، ( سیاست نیوز) لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی 5 نومبر کو گاندھی بھون میں ذات پات پر مبنی مردم شماری سے متعلق توسیعی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے آج سماج کے مختلف طبقات اور سیول سوسائٹی کے ساتھ اجلاس میں راہول گاندھی کے پروگرام کی تفصیلات بیان کیں۔ مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ کی انتخابی مہم کی مصروفیت کے باوجود راہول گاندھی نے مردم شماری کے مسئلہ پر حیدرآباد کے دورہ کا فیصلہ کیا ہے۔ راہول گاندھی مردم شماری کے مسئلہ پر کافی سنجیدہ ہیں اور انہوں نے6 نومبر سے مردم شماری کے آغاز سے ایک دن قبل 5 نومبر کو اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ راہول گاندھی 5 نومبر کی شام 5 بجے حیدرآباد پہنچیں گے اور گاندھی بھون میں مردم شماری کے اجلاس کے علاوہ سماج کے مختلف طبقات کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہول گاندھی نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کی تجویز پیش کی تھی جس پرکانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں عمل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے ذریعہ پسماندہ طبقات کی معاشی، سماجی اور تعلیمی پسماندگی کا پتہ چلے گا جس کی بنیاد پر سرکاری اسکیمات میں حصہ داری دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا بھی 5 نومبر کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ گاندھی بھون کے مشاورتی اجلاس میں جسٹس چندر کمار، پروفیسر وشویشور راؤ، پروفیسر سمہادری، پروفیسر وینکٹ نارائنا، پروفیسر بھاگیہ، اے آئی سی سی قائد کے راجو، ارکان پارلیمنٹ انیل کمار یادو، سی ایچ کرن کمار ریڈی، صدر ضلع کانگریس روہن ریڈی، کے نیلماں، پریتم، مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین اور پارٹی کے سینئر قائدین نے شرکت کی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ انتہائی مصروف ترین دورہ کے موقع پر راہول گاندھی پارٹی قائدین کے علاوہ سیول سوسائٹی، طلبہ اور مختلف طبقات کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔راہول گاندھی ان دنوں وائناڈ کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں بھی بہت مصروف ہیں ۔ اپنے مصروف شیڈول کے باوجود وہ حیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں ۔ 1