ممبئی ۔ 30 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع اوناؤ میں بیگھا پور گاؤں سے تعلق رکھنے والی ایک 30 سالہ خاتون نے سوپر اسٹار امیتابھ بچن کی میزبانی میں منعقد ہونے والے پروگرام ’’کون بنے گا کروڑپتی‘‘ ( کے بی سی) میں 12 سوالات کا جواب دیتے ہوئے 12.5 لاکھ روپئے کا انعام حاصل کرلیا ۔ بیگھا پور کے کسان رام کمار سنگھ اور ان کی بیوی کلپنا سنگھ کی بیٹی نوپور سنگھ کو 30 سال قبل کانپور ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے مردہ حالت میں پیدا ہونے کا اعلان کیا تھا جس پر ماں باپ اس کو کچرے میں پھینک کر گھر چلے گئے تھے لیکن اس کے ایک رشتہ دار نے نومولود میں زندگی کے آثار و علامات دیکھنے کے بعد اس کو کچرے سے اٹھاکر گھر لایا تھا ۔ پیدائش کے وقت غفلت کے سبب وہ مستقل طور پر معذور ہوگئی تھی لیکن اس کی ماں نے کہا کہ نوپور سنگھ کافی ذہین ہے ۔ دسویں جماعت ا ور انٹرمیڈیٹ امتیازی کامیابی حاصل کی تھی ۔ نوپور بی ایڈ انٹرنس امتحان میں پہلی مرتبہ رجوع ہوکر کامیاب ہوگئی۔