منڈل اور ضلع سطح کے بعد ودیوت سودھا کا گھیراؤ، صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کا اعلان
حیدرآباد۔/3 اپریل، ( سیاست نیوز) کانگریس نے مرکزی و ریاستی حکومتوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف 7 اپریل تک مرحلہ وار احتجاجی پروگرامس کا اعلان کیا ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے تمام ضلع کانگریس کمیٹیوں اور سینئر قائدین کو احتجاج میں حصہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 4 اپریل کو تمام منڈل ہیڈکوارٹرس پر ڈاکٹر امبیڈکر مجسمہ کے روبرو دھرنا منظم کیا جائے۔6 اپریل کو کلکٹریٹس کے روبرو احتجاج ہوگا ۔ 7 اپریل کو حیدرآباد میں ودیوتھ سودھا اور سیول سپلائیز دفاتر کا گھیراؤ کیا جائیگا۔ ریونت ریڈی کے مطابق عوامی مسائل پر کانگریس جدوجہد میں تیزی پیدا کریگی۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی مہنگائی کیلئے مرکز و ریاستی حکومتیں ذمہ دار ہیں ۔ پٹرول ڈیزل قیمتوں میں اضافہ سے غریب و متوسط طبقات پر بوجھ عائد ہوا ہے۔ ریونت ریڈی نے دھان کی خریدی مسئلہ پر کسانوں کے ساتھ دھوکہ کا الزام عائد کیا اور کہا کہ مرکز اور ریاست کی فرضی لڑائی میں کسان نقصانات کا سامنا کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کمیونسٹ پارٹیوں کو احتجاج میں حصہ لینے کی اپیل کی اور کہا کہ لاٹھی چارج اور فائرنگ میں کانگریس قائدین آگے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج کا بشیر باغ سے آغاز کیا جائیگا جہاں پولیس فائرنگ میں احتجاجی ہلاک ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ برقی شرحوں میں اضافہ کے خلاف احتجاج میں جان گنوانے والے افراد کی یادگار بشیر باغ میں تعمیر کی گئی اور وہیں سے دوبارہ احتجاج شروع کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 25 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں دس تا پندرہ روپئے ویاٹ میں کمی کرکے عوام کو راحت پہنچائی گئی۔ کانگریس دور حکومت میں گیس کی قیمت پر 50 روپئے کی رعایت دی گئی تھی۔ ریونت ریڈی نے برقی شرحوں میں اضافہ کی تجویز سے فوری دستبرداری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کانگریس پارٹی فیصلہ واپس لینے تک احتجاج جاری رکھے گی۔ر