مرکز اور ریاستی حکومتوں کی پالیسیوں کے خلاف یوتھ کانگریس ایجی ٹیشن کرے

   


ٹریننگ کیمپ سے اتم کمار ریڈی کا خطاب، یوتھ کانگریس کا استحکام پارٹی کی اقتدار میں واپسی کی ضمانت
حیدرآباد۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے یوتھ کانگریس کے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ مرکز اور ریاستی حکومتوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ایجی ٹیشن کا آغاز کریں۔ مرکز کی بی جے پی حکومت فرقہ پرست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے جبکہ ٹی آر ایس کی حکومت بدعنوانیوں میں ملوث ہے۔ اتم کمار ریڈی نے پٹن چیرو میں یوتھ کانگریس کے تربیتی کیمپ کے دوسرے دن کے اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس‘ کانگریس پارٹی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کے مانند ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی بھی یوتھ کانگریس طاقتور رہی کانگریس پارٹی اقتدار میں آئی ہے۔ کانگریس کی کامیابیوں کے پس پردہ یوتھ کانگریس کی کاوشیں رہی ہیں اور کئی قومی قائدین نے سیاسی کیریئر کا آغاز یوتھ کانگریس سے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس کارکنوں کو ڈسپلن اور مکمل سنجیدگی کے ساتھ کام کرنا چاہیئے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ یوتھ کانگریس کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کے موجودہ حالات میں اپنے رول کو تلاش کرے۔ تلنگانہ اور مرکز کی حکومتیں نوجوانوں کی بھلائی میں ناکام ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیس بازادائیگی اور اسکالر شپ جیسی اسکیمات کا کانگریس دور حکومت میں آغاز کیا گیا تھا لیکن ٹی آر ایس حکومت نے اسکیمات کو ٹھپ کردیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں ہر سال ایک 2 کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن گذشتہ چھ برسوں میں کسی بھی گاؤں کو ایک بھی روزگار فراہم نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں خاص طور پر بیروزگار نوجوانوں کیلئے جو وعدے کئے گئے تھے ان کی تکمیل نہیں کی گئی۔ انہوں نے ایم ایل سی انتخابات میں ٹی آر ایس امیدواروں چنا ریڈی اور راملو نائیک کی کامیابی کیلئے یوتھ کانگریس کو متحرک ہونے کا مشورہ دیا۔ اجلاس سے رکن اسمبلی سیتکا ، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر، سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی، سابق رکن اسمبلی رام موہن اور دوسروں نے مخاطب کیا۔