مرکز دہلی کو تمام ضروری وسائل مہیا کرائیگا:امیت شاہ

,

   

نئی دہلی۔14 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت نے دارالحکومت دہلی میں کورونا وبا کی وجہ سے پیدا ہوئی خطرناک صورتحال سے نپٹنے کیلئے دہلی حکومت کو تمام وسائل مہیا کرانے کے ساتھ ساتھ اپنے پانچ سینئر حکام کی خدمت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔مرکز نے راجدھانی میں کورونا کے مریضوں کیلئے ریلوے کے پانچ سو کوچ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ اس کے علاوہ صحت محکموں کی ایک مشترکہ ٹیم کو صحت کی تیاریوں سے متعلق رپورٹ تیار کرنے کیلئے کہا گیا ہے ۔ کورونا انفکیشن پر لگام لگانے کیلئے آئندہ وو دن میں کورونا کی ٹیسٹنگ کو بڑھاکر دو گنا کیا جائے گا اور 6 دن بعد ٹیسٹنگ کو بڑھا کر تین گنا کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے ۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے دہلی میں کورونا کے بڑھتے خطرے سے پیدا شدہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے آج یہاں صحت اور خاندانی فلاح و بہبو د کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ہرش وردھن، لیفٹننٹ گورنر انل بیجل، وزیراعلی اروند کجریوال اور دیگر سینئر حکام کے ساتھ ایک اعلی سطحی میٹنگ میں صورتحال کا جائزہ لیا۔ میٹنگ کے بعد شاہ نے سلسلہ وار ٹوئٹ میں کہا کہ حکومت راجدھانی دہلی میں کورونا کے انفیکشن کو روکنے کیلئے پرعزم ہے اور اس کیلئے میٹنگ میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ہے ۔ مرکز، دہلی حکومت کے محکمہ صحت، تمام متعلق محکموں اور ماہرین کو ان فیصلے کو نیچے تک اچھی طرح نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔مرکز نے دہلی حکومت کو وبا سے لڑنے کیلئے ضروری وسائل جیسے آکسیجن سلنڈر، وینٹی لیٹر، پلس آکسی میٹر او دیگر تمام ضرورتوں کو پورا کرنے کایقین دلایا ہے ۔انہو ں نے کہاکہ مرکز اور دہلی حکومت کے صحت محکموں، ایمس اور تینوں میونسپل کارپوریشنوں کے ڈاکٹروں کی ایک مشترکہ ٹیم دہلی کے تمام کورونا اسپتالوں میں جاکر وہاں کی صحت انتظامات اور بیماری سے لڑنے کی تیاریوں کا معائنہ کرکے رپورٹ تیار کریگی۔ ساتھ ہی مرکزی حکومت نے وبا سے مضبوطی سے لڑنے کیلئے حکومت کو اپنے سینئر حکام دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔

شاہ کے ساتھ کورونا پر میٹنگ مثبت رہی: کجریوال
نئی دہلی ۔14 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے وزیراعلی اروند کجریوال نے کہا کہ دارالحکومت میں کورونا انفیکشن کے سلسلے میں مرکزی وزیرمملکت داخلہ امیت شاہ کے ساتھ میٹنگ کامیاب رہی ہے اور وائرس سے نمٹنے کیلئے دونوں مل کر لڑیں گے ۔دہلی میں کورونا کی مسلسل خطرناک ہوتی جارہی حالت پر بات کرنے کیلئے امیت شاہ کی صدارت میں اتوار کو یہ میٹنگ ہوئی۔میٹنگ میں مرکزی وزیر صحت اور خاندانی بہبود ہرش وردھن،لیفٹننٹ گورنر انل بیجل، کجریوال ،نائب وزیراعلی منیش سیسودیا ،دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین ،آل انڈیا میڈیکل سائنس انسٹی ٹیوٹ(ایمس)کے ڈائریکٹر رندیپ گولیریا کے علاوہ مرکز اور دہلی کے سینئر افسر موجود تھے ۔میٹنگ کے بعد وزیراعلی نے ٹیوٹ کیاکہ مرکزی اور دہلی حکومت کے درمیان میٹنگ بہت مثبت رہی۔میٹنگ میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ۔کورونا کیخلاف دونوں مل کر لڑیں گے ۔ دہلی کورونا معاملے میں ملک میں تیسرے مقام پر ہے ۔