مرکز سے تلنگانہ محکمہ تعلیمات کو واجب الادا فنڈس کی اجرائی

   

حیدرآباد ۔ 26 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ ریاستی محکمہ تعلیم کو مرکزی حکومت کی جانب سے واجب الادا فنڈز مقررہ وقت میں جاری کردئیے گئے ۔ مرکزی حکومت کے ادارہ پراجکٹ اپروول بورڈ نے تلنگانہ ریاستی محکمہ تعلیم کو واجب الادا 452 کروڑ روپئے جاری کرتے ہوئے احکامات روانہ کئے ۔ اس طرح بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت کے ادارہ کی جانب سے سب سے پہلے تلنگانہ کو مذکورہ رقومات جاری کئے گئے یہ رقومات مڈ ڈے میل (دوپہر کے کھانے کی اسکیم ) مدارس میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ، اسکولوں کے لیے عمارتوں کی تعمیر کے لیے درکار فنڈز میں ہمہ جہتی ٹریننگ اسکیم کے تحت مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے 60:40 تناسب کے ذریعہ فراہم کی گئی ہیں ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ سال 2019-20 کے لیے ہمہ جہتی ٹریننگ بجٹ کے لیے دو ہزار کروڑ روپیوں کا تخمینہ ( اندازاً ) کیا گیا تھا ۔ اس میں مرکزی حکومت 1200 کروڑ روپئے اور ریاستی حکومت کی جانب سے 800 کروڑ روپئے برداشت کرنا ہوگا ۔ اس طرح پہلے مرحلہ کے تحت مرکزی حکومت نے ماہ مئی میں تلنگانہ کے لیے 832 کروڑ روپئے جاری کئے ۔ اس طرح مرکزی حکومت نے ریاست تلنگانہ کو جملہ 834 کروڑ روپئے فراہم کئے ۔ ان رقومات کے ریاست تلنگانہ کو وصول ہونے کے ساتھ ہی ریاستی حکومت اپنے حصہ کے طور پر رقم شامل کر کے ریاستی محکمہ تعلیم کو فراہم کرے گی ۔۔