مرکز میں غیر بی جے پی ‘ غیر کانگریس حکومت کے قیام کی ضرورت

,

   

دونوں ہی جماعتیں ملک میں ترقی کی کمی کیلئے ذمہ دار ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کا خطاب
حیدرآباد 4 اپریل ( پی ٹی آئی ) ملک میں ترقی کے فقدان کیلئے کانگریس اور بی جے پی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے آج کہا کہ مرکز میں ایک ایسی حکومت کے قیام کی ضرورت ہے جو ریاستوں کی ضروریات کی تکمیل کرسکے ۔ محبوب آباد میں پارٹی کے انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ قومی ضمانت روزگار اسکیم کو زراعت سے مربوط کرنے کی ضرورت ہے ۔ ہم نے اس سلسلہ میں بارہا وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے پیشرو منموہن سنگھ سے درخواست کی لیکن انہوں نے اس کو قبول نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ اس طرح کے قائدین کو مسترد کیا جانا چاہئے اور ایک وفاقی حکومت کو مرکز میں قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں ایک ایسی حکومت کی ضرورت ہے جو ریاستوں کے مطالبات اور ضروریات کی تکمیل کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے کیلئے ٹی آر ایس کو ریاست کی تمام 16 نشستوں سے کامیابی حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس صدر راہول گاندھی اور وزیر اعظم نریندر مودی عوام کو الجھن کا شکار کرنے کیلئے ایک دوسرے کو چور قرار دے رہے ہیں۔ کے سی آر نے دعوی کیا کہ ملک بھر میں تلنگانہ کے ما سوا ایسی کوئی ریاست نہیں ہے جس نے غریب عوام کی پنشن فراہم کرتے ہوئے مدد کی ہو۔ کے سی آر نے کہا کہ ملک پر گذشتہ 60 سال میں کانگریس اور بی جے پی نے ہی حکومت کی ہے ۔ کسی اور نے نہیں۔ یہی لوگ اب ایک دوسرے کو ملک کے حالات کیلئے ذمہ دار قرار دے رہے ہیںانہوں نے کہا کہ ملک میں ترقی کی جو کمی ہے اس کیلئے کانگریس اور بی جے پی ہی ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اب بھی غربت کی بات کرتی ہے جو مضحکہ خیز ہے ۔ چیف منسٹر نے وعدہ کیا کہ جاریہ ماہ کے ختم تک محبوب آباد حلقہ کے ہر گھر میں پینے کے پانی کیلئے کنکشن فراہم کردیا جائے گا ۔