مرکز میں موجود حکومت اپنے انتخابی وعدے پورا کرے : صدر کانگریس نظام آباد

   

نظام آباد۔ 18 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کانگریس کمیٹی نظام آبادصدر ناگیش ریڈی نے بی جے پی کے رویہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مرکز میں برسرِ اقتدار جماعت کو پہلے اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کرنا چاہیے۔ انہوں نے ضلع کانگریس آفس پر منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی قائدین کی جانب سے 21 ؍مارچ کو کلکٹریٹ کے گھیراؤ کا اعلان بے بنیاد ہے، کیونکہ بی جے پی نے عوام سے کئے گئے وعدوں میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا، جبکہ کانگریس حکومت ریاست میں اپنے وعدوں کو مرحلہ وار عملی جامہ پہنا رہی ہے۔ ناگیش ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے اقتدار سے قبل ہر غریب کے بینک کھاتے میں 15 لاکھ روپے جمع کرنے اور سالانہ دو کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن ان وعدوں پر کوئی عمل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی رکن پارلیمنٹ ضلع نظام آباد کی ترقی کے لیے مرکز سے خاطر خواہ فنڈس لانے میں ناکام رہے ہیں اور کئی ترقیاتی منصوبے، بشمول مادھونگر پل، سست روی کا شکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس حکومت نے ورنگل اعلامیہ کے تحت مختلف فلاحی اقدامات جیسے اندرماں مکانات، نئے راشن کارڈس کی اجرائی، کسانوں کے قرضوں کی معافی، رعایتی امداد، مفت برقی آروگیہ شری کی حد میں اضافہ اور خواتین کے لیے مفت بس سفر جیسی اسکیمات نافذ کی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس نے گزشتہ برسوں میں باہمی مفاہمت کے ذریعے عوامی مفادات کو نظرانداز کیا اور کارپوریٹ اداروں کو فائدہ پہنچایا جبکہ کسانوں کو مناسب قیمت فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ ناگیش ریڈی نے کہا کہ ضلع میں ہلدی بورڈ کا قیام خوش آئند ہے، تاہم جب تک مرکزی حکومت امدادی قیمت کا اعلان نہیں کرتی، کسانوں کو انصاف نہیں ملے گا۔ انہوں نے ایندھن اور گھریلو گیس کی قیمتوں میں اضافے کو بھی بی جے پی کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال میں گھیراؤ کی دھمکیاں دینا افسوسناک ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے مجوزہ احتجاج کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے اپنے وعدے پورے کئے جائیں، بعد ازاں دوسروں پر تنقید کی جائے۔ اس موقع پر پارٹی کے مختلف قائدین بھی موجود تھے۔
سرپور ٹاؤن میں گورنمنٹ افطار پارٹی
سرپور ۔ 18 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کے بی اصف آباد کے سرپورٹاؤن کے ذیشان گارڈن فنکشن ہال میں کل تلنگانہ حکومت کی جانب سے منڈل میں قومی یکجہتی اور آپسی بھائی چارگی کو فروغ دینے روزہ داروں کیلئے افطار پارٹی اور طعام کا نظم رکھا گیا۔ اس موقع پر دعوت افطار پارٹی میں شرکت کرنے والوں میں کانگریس قائدین سابق نائب صدر منڈل پریشد محمد سہیل احمد، کانگریس اسٹیٹ جنرل سیکرٹری اقلیتی عبدالشکیل، سابق معاون رکن ایم اے عقیل، ڈی تلسی رام، سلیم، سب انسپکٹر سریش، اراکین گرام پنچایت اسلم بن عبداللہ، معز علی اس کے علاوہ روزے داروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔مغرب کی نماز مولانا طالب نعمانی قاسمی نے پڑھائی۔