گاندھی خاندان قربانیوں کی علامت، ہنمکنڈہ میں احتجاجی دھرنا، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کی شرکت
حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ گوڈسے کے وارثین ملک پر حکمرانی کررہے ہیں اور یہ نہ صرف عوام بلکہ ملک کی بدقسمتی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے راہول گاندھی کے خلاف بی جے پی اور شیوسینا قائدین کے بیانات کے خلاف ہنمکنڈہ ضلع میں احتجاجی دھرنے میں حصہ لیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر اور ضلع کانگریس صدر این راجندر ریڈی کے علاوہ دیگر قائدین نے احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے راہول گاندھی کے خلاف بیانات کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی عوام راہول گاندھی کو ملک کے مستقبل کے طور پر دیکھ رہے ہیں اور بی جے پی ایک سازش کے تحت راہول گاندھی کے خلاف بیان بازی کا آغاز کرچکی ہے تاکہ عوام کو الجھن میں مبتلاء کیا جائے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو جمہوریت اور دستور پر کوئی ایقان نہیں ہے اور ملک میں دستور اور جمہوریت کو پامال کیا جارہا ہے۔ بی جے پی کے مرکزی وزیر رنویر بٹو، بی جے پی رکن اسمبلی تنویندر سنگھ ، شیوسینا ایکناتھ شنڈے گروپ کے رکن اسمبلی سنجئے گائیکواڈ کے علاوہ اتر پردیش کے بی جے پی قائدین نے راہول گاندھی کو نشانہ بناتے ہوئے بیانات دیئے ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیر اعظم کی خاموشی ان کی تائید کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں راہول گاندھی کی بڑھتی مقبولیت سے بی جے پی قیادت بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور ملک کے مستقبل یعنی راہول گاندھی کو قتل کرنے کی دھمکی دی جارہی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک کی سلامتی کیلئے اپنی جان کی قربانی دی۔ راہول گاندھی ملک میں نفرت کے خاتمہ کیلئے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر پدیاتر کے ذریعہ سارے ملک کا احاطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور امیت شاہ نے ملک کیلئے کوئی قربانی نہیں دی اور ان کے ملک کیلئے جیل جانے کی کوئی مثال نہیں ہے۔ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا سے بی جے پی کیلئے خطرہ بڑھ چکا ہے۔ جموں کشمیر میں بی جے پی اور مہاراشٹرا شیو سینا ایکناتھ شنڈے گروپ کی شکست یقینی ہے۔ ہریانہ میں کانگریس کا اقتدار یقینی ہے ایسے میں راہول گاندھی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ ان کے حوصلوں کو پست کیا جاسکے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ راہول گاندھی کے خلاف بیان بازی کرنے والے دراصل گوڈسے کے وارثین ہیں اور سپریم کورٹ کو اشتعال انگیز بیانات کے خلاف از خود کارروائی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں سے اپیل کی کہ تمام اضلاع میں بی جے پی اور آر ایس ایس قائدین کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ گاندھی خاندان قربانیوں کی طویل تاریخ رکھتا ہے اور ملک کا کوئی بھی سیاسی خاندان قربانیوں کی ایسی مثال پیش نہیں کرسکتا۔ سونیا گاندھی نے وزیر اعظم کے عہدہ کی قربانی دیتے ہوئے ماہر معاشیات ڈاکٹر منموہن سنگھ کو اس جلیل القدر عہدہ پر فائز کیا تھا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ کوئی بھی طاقت راہول گاندھی کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتی اور عوام نے انہیں آئندہ وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔1