کوئی پارٹی تنہا حکومت نہیں بناسکے گی، کریم نگر میں ٹی آر ایس کا جلسہ، کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد۔/6مارچ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے کار گذار صدر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ مرکزمیں کوئی بھی پارٹی تنہا حکومت تشکیل نہیں دے سکے گی۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات کے بعد مرکز میں ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ کا اہم رول ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ آپ سبھی کو معلوم ہے کہ عنقریب منعقد شدنی پارلیمانی انتخابات ملک کی تاریخ میں ایک اہم موڑ اختیار کرنے والے ہیں۔ کے ٹی آر نے ادعا کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کو اور نہ ہی راہول گاندھی کی زیر قیادت کانگریس کو اتنی نشستیں مل ہی نہیں سکیں گی کہ وہ مرکز میں تنہا حکومت تشکیل دے سکیں۔ عوام نے دیکھ لیا ہے کہ نریندر مودی اور راہول گاندھی دونوں ناہل ہیں۔ ایک رافیل طیارے اور دوسرا بوفورس معاملہ میں ملوث ہیں۔ اس لئے مرکز میں کوئی بھی پارٹی حکومت تشکیل دینا چاہے گی تو اس میں تلنگانہ کے 16 ارکان پارلیمنٹ کا اہم کردار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم آبی پراجکٹ کو قومی درجہ اور مشن بھگیرتا، مشن کاکتیہ کیلئے قرض اور فنڈس کی منظوری کیلئے مودی جی سے ملنے کئی مرتبہ دہلی کے چکر لگائے گئے لیکن ایک روپیہ بھی منظوری نہیں دی گئی۔ اگر مرکزی حکومت میں ہمارا حصہ ہوگا تو تلنگانہ کی ترقی اور یہاں کے جائز حقوق کیلئے ہم مرکزی حکومت کو گردن جھکانے پر مجبور کرسکتے ہیں۔ اگر تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے 16 ارکان پارلیمنٹ کامیاب ہوجائیں گے تو دیگر پارٹیوں سے وابستہ 70 تا 80 ارکان پارلیمنٹ ہمارے ساتھ رہیں گے۔