مرکز نے کنٹینمنٹ علاقوں میں 31 جولائی تک لاک ڈاؤن میں توسیع کی

   

Ferty9 Clinic

رات 10 بجے سے نائٹ کرفیو ، اسکولس ، کالجس ، تھیٹر س ، میٹرو ریل بند رکھنے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ مرکزی حکومت نے کنٹینمنٹ علاقوں میں 31 جولائی تک لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے جبکہ غیرکنٹینمنٹ علاقوں میں مزید رعایتوں کا اعلان کیا گیا۔ مرکزی وزارت ِ داخلہ کے سیکریٹری کے جاری کردہ احکامات میں کنٹینمنٹ اور دیگر علاقوں کے سلسلے میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے جن پر یکم جولائی سے عمل آوری ہوگی۔ حکومت نے رات کے کرفیو میں مزید ایک گھنٹے کی نرمی دیتے ہوئے رات 10 تا صبح 5 بجے کرفیو کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔ اسکولس ، کالجس، کوچنگ انسٹیٹیوٹس 31 جولائی تک بند رہیں گے۔ میٹرو ریل، سنیما ہالس، جم، سوئمنگ پول، تھیٹرس اور دیگر ہالس کو کھولنے کی اجازت نہیں رہے گی۔ ان کے بارے میں حکومت بعد میں علیحدہ احکامات جاری کرے گی۔ ڈومیسٹک فلائیٹس اور پیاسنجر ٹرین کی محدود تعداد میں اجازت رہے گی۔ 65 سال سے زائد عمر کے افراد کے علاوہ مختلف عوارض کا شکار افراد، حاملہ خواتین اور 10 سال سے کم عمر کے بچوں کو گھر میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ دکانات پر ایک وقت میں 5 سے زائد افراد کے جمع ہونے کی اجازت نہیں رہے گی تاکہ سماجی فاصلے کو برقرار رکھا جاسکے۔ کنٹینمنٹ علاقوں میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور صرف ضروری خدمات کی اجازت ہوگی۔ بین ریاستی اور اندرون ریاست عوام کے سفر پر کوئی پابندی نہیں رہے گی۔ اس کے علاوہ اشیاء کی منتقلی بھی کی جاسکے گی۔ صرف حکومت کی جانب سے انتظام کئے گئے انٹرنیشنل سفر کی اجازت ہوگی۔ ہر ریاست میں ضلع حکام کو مقامی صورتحال کی مناسبت سے کنٹینمنٹ زونس کے تعین کا اختیار رہے گا۔ تمام ریاستی حکومتوں اور ضلع کلکٹرس کو گائیڈ لائنس پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی گئی ہے۔ تحدیدات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ اور آئی پی سی کی دفعات کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے۔ مرکزی حکومت کی تحدیدات اور گائیڈ لائنس پر عمل آوری کے سلسلے میں ریاستوں کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ مقامی صورتحال کے اعتبار سے لاک ڈاؤن اور تحدیدات کا فیصلہ کریں۔ مرکز نے اَن لاک 2.0 کے تحت بعض رعایتوں میں اضافہ کیا ہے۔