منی پور پر مباحث سے مرکز کا فرار، تحریک عدم اعتماد کا اپوزیشن کو سہارا
حیدرآباد۔/26 جولائی، ( سیاست نیوز) لوک سبھا میں بی آر ایس کے فلور لیڈر ناما ناگیشور راؤ نے کہا کہ ان کی پارٹی پارلیمنٹ میں مرکزی حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرے گی۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ناما ناگیشور راؤ نے گذشتہ 9 برسوں کے دوران مرکزی حکومت پر کرپشن اور ہر شعبہ میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش اہم مسائل بشمول منی پور بحران پر مباحث سے حکومت انکار کررہی ہے۔ بی آر ایس پارلیمنٹ میں مباحث کے دوران حکومت کو جوابدہ بنانے کا کوئی موقع نہیں چھوڑے گی۔ مرکزی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی پیشکشی کے بعد ناگیشور راؤ نے کہا کہ بی آر ایس اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے تحریکات التواء کے باوجود مرکز نے منی پور کی صورتحال پر مباحث سے اتفاق نہیں کیا جس کے نتیجہ میں اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد کا سہارا لینا پڑا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی مسلسل ناکامیوں کے سبب بی آر ایس تحریک عدم اعتماد پر مجبور ہوئی ہے۔ پارلیمنٹ سیشن کے دوران ملک کی سرحدوں پر پاکستان اور چین سے خطرات، کسانوں کے مسائل، غربت، کمزور طبقات کی بھلائی، ویمن امپاورمنٹ، روزگار، ریلوے حادثات اور دیگر مسائل کو موضوع بحث بنایا جائے گا۔ تلنگانہ کے ساتھ ناانصافیوں اور تنظیم جدید قانون کے وعدوں کو نظرانداز کرنے کو بے نقاب کیا جائے گا۔
