آج کانگریس پارٹی کا دھرنا پروگرام ، پی سی سی جنرل سکریٹری مہیش گوڑ کا بیان
جنگاؤں۔/7نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی حکومت ہندوستان کی معیشت کو پورا خراب کررہی ہے۔ بلا سوچے سمجھے فیصلہ کرتے ہوئے عوام کو مشکلات میں ڈال رہی ہے۔ عوام پریشان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جنرل سکریٹری ٹی پی سی سی مہیش گوڑ نے جنگاؤں ضلع کانگریس آفس میں اخباری نمائندوں سے کیا۔ مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف ریاست گیر بڑے پیمانے پر8 نومبر کو 10 بجے کانگریس پارٹی کی جانب سے دھرنے دے کر کلکٹر آفسر کا گھیراؤ کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اس سلسلہ میں جنگاؤں میں بھی 8 نومبر کو 10 بجے بڑے پیمانے پر مرکزی حکومت کی پالیسیوں اور کاموں کے خلاف دھرنا پروگرام منعقد ہے۔ مرکزی حومت اور ریاستی حکومت اپنی اپنی ایک میعاد مکمل کرکے دوسری میعاد میں داخل ہوکر کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کی وجہ سے کئی لوگ پریشان ہوئے۔ تجارت میں خاص خلل ہوا ہے۔ کاروبار ٹھپ ہوگئے، ہندوستان کی معیشت پر کافی اثر پڑا۔ صدر جنگاؤں ضلع کانگریس کمیٹی مسٹر جنگا راگھو ریڈی نے کہا کہ کل کے دھرنے اور کلکٹر آفس کے گھیراؤ پروگرام میں کانگریس پارٹی کے قائدین زیادہ سے زادہ تعداد میں شریک ہوکر کامیاب بنائیں۔ اس موقع پر سابق صدر نشین بلدیہ ستیا نارائنا ریڈی، سابق مارکٹ کمیٹی چیرمین وائی سدھاکر، صدر کانگریس اقلیتی سل محمد جمال شریف ایڈوکیٹ، ڈاکٹر لکشمی نارائنا نائیک ، ایلیا اور دیگر موجود تھے۔