سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر بی جے پی کا جلسہ عام ، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ مہمان خصوصی شرکت کریں گے
مہاراشٹرا، کرناٹک اور تلنگانہ کے چیف منسٹرس کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا، آر ایس ایس بھی سرگرم
حیدرآباد۔ 2 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے سقوط حیدرآباد کی سرکاری تقاریب منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 17 ستمبر کو سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر ایک جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ جلسہ عام میں تلنگانہ، کرناٹک اور مہاراشٹرا کے چیف منسٹرس کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آر ایس ایس نے پہلے سقوط حیدرآباد کی ایک سالہ تقاریب منانے کا فیصلہ کیا جس کے بعد تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگانے والی بی جے پی نے نظام کے خلاف ہندوؤں کو متحد کرنے اور چیف منسٹر کے سی آر کو پریشان کرنے کے لئے خصوصی حکمت عملی تیار کی جس کو مرکزی حکومت نے مہر لگادی۔ تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والے جی کشن ریڈی مرکزی وزیر سیاحت کے عہدے پر فائز ہیں۔ انہوں نے گزشتہ سال دہلی میں محکمہ سیاحت کے ذریعہ 17 ستمبر کو سقوط حیدرآباد کی سرکاری تقاریب کا اہتمام کیا تھا۔ اسی محکمہ کے ذریعہ تلنگانہ میں سقوط حیدرآباد کی تقریب منانے اور اس کو ایک سال تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی جے پی کی جانب سے 17 ستمبر کو سکندرآباد کے پریڈ گراؤنڈ پر ایک جلسہ عام کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جلسہ عام میں شرکت کرنے سے اتفاق کیا ہے جس کے بعد بی جے پی جلسہ عام کی تیاریوں میں مصروف ہوگئی ہے۔ حیدرآباد اسٹیٹ میں شامل رہنے والے علاقہ اب کرناٹک اور مہاراشٹرا میں شامل ہیں۔ جہاں 17 ستمبر کو سقوط حیدرآباد کی مقامی حکومتوں کی جانب سے سرکاری تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ تاہم متحدہ آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں مسلمانوں کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے کانگریس، تلگودیشم کی حکومتوں نے سقوط حیدرآباد کی سرکاری تقریب کا اہتمام نہیں کیا۔ تلنگانہ کی تحریک میں کے سی آر نے علیحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد سقوط حیدرآباد کی سرکاری تقریب منانے کا اعلان کیا تھا، مگر انہوں نے اس پر عمل آوری نہیں کی۔ جس پر بی جے پی نے ایک تیسر کے ساتھ دو نشان لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک طرف وہ نظام کے مظالم کو پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ جلسہ عام میں چیف منسٹر کے سی آر کی عدم شرکت پر انہیں مخالف ہندو اور مسلمانوں کے ہمدرد کے طور پر پیش کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی تیاری کررہی ہے۔ تلنگانہ بی جے پی کی قیادت سقوط حیدرآباد تقاریب کے لئے سرگرم ہوگئی ہے۔ تلنگانہ بی جے پی کے قومی انچارج ترون چوگ آج شہر حیدرآباد پہنچ رہے ہیں اور وہ چار دن تک تلنگانہ میں قیام کرتے ہوئے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے۔ بی جے پی اضلاع کمیٹیوں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے سقوط حیدرآباد تقاریب کو کامیاب بنانے اور بھاری تعداد میں سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ پر منعقد ہونے والے جلسہ عام، اضلاع سے عوام کو منتقل کرنے کی حکمت عملی تیار کریں گے۔ ن