بودھن میں کانگریس کا احتجاجی جلسہ، سابق وزیر سدرشن ریڈی کی مخاطبت
بودھن ۔ آج مرکز کی بی جے پی حکومت کے خلاف کانگریس پارٹی کی جانب سے قومی سطح پر منظم کردہ احتجاج کے سلسلے میں یہاں بودھن میں بھی امبیڈکر چوراستہ پر سابقہ ریاستی وزیر پی سدرشن ریڈی کی قیادت میں احتجاج منظم کیا گیا۔ سدرشن ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کی روزمرہ کے استعمال کی اشیاء پر بھی مودی سرکار جی ایس ٹی عائد کرنے پر غریب عوام کا جینا دوبھر ہوگیا۔ انہوں نے کہا پکوان گیس، پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں آسمان کو پہنچ چکی۔ اس پر غریب عوام سے جی ایس ٹی کی شکل میں خوردنوش کی اشیاء کی قیمتیں بڑھاکر مرکزی حکومت غریبوں کی کمر توڑ رہی ہے۔ سدرشن ریڈی نے کہا کالجس میں زیر تعلیم طلبہ کو اسکالرشپس کی عدم اجرائی کے باعث غریب طلبہ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے میں دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں آروگیہ شری اسکیم بند ہونے کے دہانے پر پہنچ گئی۔ حیدرآباد اور ریاست کے بڑے کارپوریٹس ہاسپٹلس کو ریاستی حکومت پر ایک کو اوسطاً چار تا پانچ کروڑ روپے رقم کی ادائیگی کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کسانوں کو ایک لاکھ تک قرض معاف کرنے کا اعلان کیا گیا۔ رقم کی عدم ادائیگی پر بینکس کسانوں کو ہراساں کررہے ہیں۔ اس احتجاج میں صدر ٹاون کانگریس شیخ محی الدین پاشاہ، سابقہ صدر منڈل پریشد بودھن گنگا شنکر، یوتھ کانگریس صدر نوین سابقہ چیرمین بلدیہ بودھن غوث الدین کے علاوہ کانگریس پارٹی کے قائدین و سرگرم کارکنوں کی کثیر تعداد نے احتجاج میں حصہ لیا۔