ریلوے میں سب سے زیادہ 98,999 اور پولیس فورس میں 80 ہزار بھرتیاں، بجٹ دستاویز میں انکشاف
نئی دہلی 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں ملازمتوں کے موقعوں کے فقدان پر مختلف گوشوں سے اُٹھائی جانے والی آوازوں کی گونج کے درمیان مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران اس کے مختلف ادارہ جات میں 3.81 لاکھ آسامیاں پیدا کی گئیں۔ 2019-20 کی بجٹ دستاویزات میں وزیر فینانس نرملا سیتارامن نے کہا ہے کہ یکم مارچ 2017 ء تک مرکزی اداروں میں ملازمین کی تعداد 32,38,397 تھی جو 2019 ء میں اسی تاریخ پر 36,19,596 تک پہونچ گئی۔ اس طرح تعداد میں 3,81,199 کا اضافہ ہوا ہے۔ کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے لئے بی جے پی کے زیرقیادت این ڈی اے حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔ بالخصوص 2016 ء میں نوٹ بندی کے بعد اپوزیشن نے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کے مسئلہ پر نریندر مودی حکومت کے خلاف اپنی تنقیدوں میں شدت پیدا کردی تھی۔ بجٹ دستاویز میں مرکزی حکومت کے محکمہ جات کی طرف سے گزشتہ دو سال کے دوران پیدا کئے جانے والے روزگار کے موقعوں کے حصے بقروں کے ساتھ مکمل اعداد پیش کی گئی ہیں۔ یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ وزارت ریلوے میں سب سے زیادہ 98,999 افراد کی بھرتیاں کی گئیں۔ اس طرح ریلوے ملازمین کی تعداد جو 2017 ء میں 12.7 لاکھ تھی یکم مارچ 2019 ء اس اضافہ کے ساتھ 13.69 لاکھ تک پہونچ گئی۔ 2017 ء اور 2019 ء کے دوران پولیس فورس میں 80,000 نئی ملازمتیں پیدا کی گئیں۔ بالواسطہ محصولات کے محکموں میں 53000 اور راست محصولات کے محکموں میں 29,935 نئی ملازمتیں فراہم کی گئیں۔ وزارت دفاع (سیول شعبوں) میں مارچ 2017 ء تک ملازمین کی تعداد تھی اور 46,347 روزگار کے مواقع فراہم کئے جانے کے بعد یکم مارچ 2019 ء تک اس وزارت میں ملازمین کی تعداد 88,717 تک پہونچ گئی۔ محکمہ ایٹمی توانائی 2,250 بھرتیاں کی گئیں۔ آبی وسائل، دریائی ترقیات، گنگا کی صفائی و بحالی کے محکمہ میں 3,981 ملازمتیں پیدا کی گئیں۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی میں 7,743، وزارت کانکنی میں 6,338، محکمہ خلائی اُمور میں 2,920 ، وزارت پرسونل میں 20,56 ، وزارت اُمور خارجہ میں 1,833 ، نئی بھرتیاں کی گئیں۔ 2017 ء اور 2019 ء کے دوران ہی وزارت تہذیبی اُمور میں 3,647 ، محکمہ زراعت میں 1,835 ، وزارت شہری ہوا بازی میں 1,189 نئی ملازمتیں پیدا کی گئیں۔ علاوہ ازیں نوجوانوں کو اپنے طور پر مختلف شعبوں میں خود روزگاری، کاروبار و مہارت کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے گئے۔ سمندر پار ملازمتوں کے لئے بھی نوجوانوں کو تیار کیا گیا۔