نئی دہلی : مرکزی ملازمین کو اب 17 فیصد کی بجائے 28 فیصد مہنگائی بھتہ حاصل ہوگا۔ حکومت کی جانب سے آج اس کا اعلان کیا گیا۔ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے بتایا کہ ملازمین کیلئے یہ فیصلہ یکم ؍جولائی سے نافذ العمل قرار دیا گیا ہے۔مرکزی کابینہ کا آج اجلاس ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے جن میں شپنگ کمپنیز کیلئے سبسڈی اسکیم بھی شامل ہے۔ مرکزی ملازمین کو بھتے پر لگی روک کے وقت یعنی یکم ؍ جنوری 2020 سے جون 2021 تک کی مہنگائی بھتے کے بقایا جات کی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں چہارشنبہ کو مرکزی کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ کابینہ نے مرکزی اہلکاروں کے مہنگائی بھتے اور پنشن ہولڈرز کو ملنے والی مہنگائی راحت پر لگی روک کو ہٹا لیا ہے۔