ہنمنت راؤ کا خاموش احتجاج، سی پی آئی اور دیگر قائدین کی تائید
حیدرآباد۔/13اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے لکھیم پور میں کسانوں کی ہلاکت کے واقعہ کے سلسلہ میں مرکزی مملکتی وزیر اجئے مشرا کو کابینہ سے برطرف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک روزہ خاموش احتجاج کیا۔ انہوں نے اپنی قیامگاہ پر خاموش احتجاج کا اہتمام کرتے ہوئے مرکزی وزیر کی برطرفی اور متاثرہ کسان خاندانوں سے انصاف کا مطالبہ کیا۔ ہنمنت راؤ نے کسانوں سے ملاقات کیلئے پہنچنے والی پرینکا گاندھی کی گرفتاری کی مذمت کی۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی، سابق رکن راجیہ سبھا عزیز پاشاہ، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی، سابق رکن کونسل راملو نائیک، سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی اور دیگر قائدین نے ہنمنت راؤ کی قیامگاہ پہنچ کر اظہار یگانگت کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ مرکز میں راکھشس حکومت کام کررہی ہے۔ کسانوں کے احتجاج کو کچلنے کیلئے مرکزی وزیر کے فرزند نے کسانوں کو اپنی گاڑی سے روند دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت اور قانون کا کوئی تصور باقی نہیں رہا ہے۔ کسانوں کی ہلاکت پر وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی خاموشی معنیٰ خیز ہے۔ سی پی آئی قائد نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر ہر معاملہ میں نریندر مودی حکومت کی تائید کررہے ہیں لہذا انہوں نے اس واقعہ پر خاموشی اختیار کرلی۔ ٹی آر ایس نے زرعی قوانین پر اپنا موقف تبدیل کرلیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کابینہ سے اجئے مشرا کی برطرفی تک کانگریس کی جدوجہد جاری رہے گی۔ر