نئی دہلی :مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے جمعہ کو کہا کہ پہلوانوں کے تمام مطالبات پورے ہو گئے ہیں اور انہیں اب تحقیقات مکمل کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔ لکھنؤ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹھاکر نے کہا کہ ایک کمیٹی بنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور اسے تشکیل دیا گیا، وہیں دہلی پولیس نے ایف آئی آر درج کی ہے اور سپریم کورٹ نے بھی اپنا فیصلہ دیا ہے۔ دہلی پولیس منصفانہ تحقیقات کر رہی ہے۔ میں کھلاڑیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ ان کے مطالبات پورے ہو رہے ہیں اور انہیں تحقیقات مکمل ہونے دیں۔اس سے قبل دہلی میں پہلوان ونیش پھوگاٹ نے مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر پر کوئی کارروائی نہ کرنے اور ایک کمیٹی بنا کر معاملے کو دبانے پر تنقید کی تھی۔ انھوں نے کہا تھا کہ ہم نے مرکزی وزیر کھیل (انوراگ ٹھاکر) سے بات کرنے کے بعد اپنا احتجاج ختم کیا اور تمام کھلاڑیوں نے انہیں جنسی ہراسانی کے بارے میں بتایا ہے۔ انہوں نے ایک کمیٹی بنا کر معاملے کو دبانے کی کوشش کی اور اس وقت کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
