مرکزی وزیر بنڈی سنجے کے خلاف الیکشن کمیشن سے کانگریس کی شکایت

   

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے خلاف ریمارکس پر کارروائی کی اپیل
حیدرآباد ۔ 7۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے ۔ کانگریس الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی کو یادداشت پیش کی جس میں جوبلی ہلز میں انتخابی مہم کے دوران بنڈی سنجے کی جانب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف الزام تراشی اور غیر پارلیمانی ریمارکس پر کارروائی کی درخواست کی ۔ بنڈی سنجے نے کل بورہ بنڈہ علاقہ میں روڈ شو کے دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف بعض شخصی ریمارکس کئے تھے۔ پولیس نے ابتداء میں بنڈی سنجے کو انتخابی مہم کی اجازت نہیں دی تاہم بعد میں اجازت دی گئی ۔ بنڈی سنجے نے الزام عائد کیا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے ایک تولہ سونا دینے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن آج تک یہ وعدہ پورا نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے پاس موجود سونا کانگریس پارٹی چھین لے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر اور ان کے افراد خاندان کے خلاف ریونت ریڈی حکومت نے ایک بھی مقدمہ درج نہیں کیا۔ کانگریس الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی نے بنڈی سنجے کے بیان پر مشتمل اخبارات کے تراشے چیف الیکٹورل آفیسر کو پیش کئے ۔ کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین راجیش کمار نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بنڈی سنجے کو نوٹس کی اجرائی اور بی جے پی کی انتخابی مہم پر نظر رکھنے کیلئے آبزرورس اور ویڈیو گرافی ٹیموں کو تعینات کرنے کی اپیل کی گئی ۔ کوآرڈینیشن کمیٹی نے بنڈی سنجے کو کابینہ سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا اور چیف منسٹر کے خلاف ان کے ریمارکس کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔1