مورینا : بھارتیہ جنتا پارٹی کے قدآور لیڈر اور مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کے انتخابی میدان میں اترنے سے ہائی پروفائل ہوئی مدھیہ پردیش کے مورینا ضلع کی دیمنی اسمبلی سیٹ پر اس مرتبہ سہ رخی مقابلہ ہونے کے باعث یہ سیٹ پوری ریاست میں تجسس کا مرکز بن گئی ہے ۔بی جے پی کی مرکزی قیادت نے اس سیٹ سے مدھیہ پردیش الیکشن مینجمنٹ کی پوری ذمہ داری اٹھا رہے تومر کے نام کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا ہے ۔ فی الحال اس سیٹ سے کانگریس کے رویندر سنگھ ایم ایل اے ہیں۔ کانگریس نے اس بار بھی یہاں سے ان پرہی داؤکھیلا ہے ۔ دوسری جانب بہوجن سماج پارٹی کے سابق ایم ایل اے اور اس بار پھر امیدوار بلویر سنگھ ڈنڈوتیا بھی تومر کے لیے بڑا چیلنج ثابت ہو سکتے ہیں۔
