مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کا چیف منسٹر کو مکتوب

   

حیدرآباد میٹرو ریل کے دوسرے مرحلے کی پیشرفت پر مرکزی وزیر شہری ترقیات سے تبادلہ کا حوالہ
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے حیدرآباد میٹرو ریل کے دوسرے مرحلے کی پیشرفت کے معاملے میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ایک مکتوب روانہ کیا ۔ مکتوب میں جی کشن ریڈی نے کہا کہ انہوں نے مرکزی وزیر شہری ترقیات منوہر لال کھڑ سے ملاقات کرتے ہوئے حیدرآباد میٹرو ریل کے دوسرے مرحلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ اس موقع پر یہ واضح کیا گیا کہ مرکزی حکومت حیدرآباد میٹرو کے دوسرے مرحلے کی تعمیرکے لیے پہلے ہی اصولی طور پر منظوری دے چکی ہے ۔ تاہم اس کے لیے چند ضروری انتظامی اور تکنیکی امور کی تکمیل لازمی ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ میٹرو کے پہلے مرحلے کا نیٹ ورک ایل اینڈ ٹی سے اپنے اختیار میں لے لیں اور اس سے متعلق تمام معاہدات ، فیصلے اور لین دین کے عمل کو مکمل کریں ۔ جیسے ہی یہ عمل مکمل ہوگا مرکزی حکومت دوسرے مرحلے کی میٹرو ریل کی تعمیر کے لیے عملی اقدامات شروع کرے گی ۔ منوہر لال کھڑ نے اس بات کی بھی یاد دہانی کرائی کہ مرکز اور ریاست کے درمیان یہ فیصلہ ہوچکا ہے کہ دوسرے مرحلے کی تیاری کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ جس میں ریاستی و مرکزی حکومتوں کے دو دو عہدیدار شامل ہوں گے ۔ جی کشن ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت سے دو عہدیداروں کے نام طلب کئے گئے تھے لیکن اب تک نام موصول نہیں ہوئے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے زور دیا کہ ریاستی حکومت فوری طور پر اپنے نامزد عہدیداروں کے نام ارسال کریں تاکہ کمیٹی کی میٹنگ منعقد کی جاسکے اور منصوبے کو آگے بڑھایا جاسکے ۔ انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ ریاستی حکومت جلد از جلد میٹرو نیٹ ورک ایل اینڈ ٹی سے لے کر دوسرے مرحلے کی تعمیر سے متعلق ضروری تجاویز مرکزی حکومت کو روانہ کریں ۔ کشن ریڈی نے امید ظاہر کی ہے کہ باہمی تال میل اور بروقت فیصلوں کے ذریعہ حیدرآباد میٹرو کے دوسرے مرحلے کے کام کو تیزی سے مکمل کیا جاسکے گا ۔ جس سے شہر کے عوام کو بہتر سفری سہولیات دستیاب ہوں گی ۔۔ 2