فون ٹیاپنگ کی سی بی آئی تحقیقات کرانے ریاستی حکومت سے کشن ریڈی کا مطالبہ
حیدرآباد۔ 26 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی کے صدر و مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے کہا کہ 29 جون کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ہلدی بورڈ کا افتتاح کریں گے۔ کشن ریڈی نے آج میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصہ سے ہلدی کے کسان ہلدی بورڈ قائم کرنے کا مطالبہ کررہے تھے۔ کئی سیاسی جماعتوں نے وعدہ کیا لیکن کسی نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔ بی جے پی نے وزیراعظم نریندر مودی کی توسط اس ہلدی بورڈ کو نظام آباد میں قائم کرایا ہے۔ ملک کی دیگر ریاستوں نے اپنی اپنی ریاستوں میں ہلدی بورڈ قائم کرنے کا مطالبہ کیا تھا، لیکن وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست تلنگانہ کو اہمیت دی ہے اور نظام آباد میں ہلدی بورڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ضلع نظام آباد کے کسان گنگا ریڈی کو اس بورڈ کا صدرنشین بنایا گیا ہے۔ جی کشن ریڈی نے ہلدی کے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ 29 جون کو افتتاحی تقریب میں بڑے پیمانے پر شرکت کریں۔ نظام آباد میں ہلدی بورڈ کے قیام سے نہ صرف ہلدی کے کسانوں کو فائدہ ہوگا، بلکہ روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔ سابق وزیر ڈی سرینواس کے مجسمے کا بھی نظام آباد میں امیت شاہ نقاب کشائی کریں گے۔ کشن ریڈی نے فون ٹیاپنگ کیس کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کرانے کا تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان خفیہ سازباز ہے جس کی وجہ سے چیف منسٹر ریونت ریڈی فون ٹیاپنگ کی سی بی آئی تحقیقات نہیں کروا رہے ہیں۔2