آؤٹر رنگ روڈ اور ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر پر تبادلہ خیال، مرکز سے عاجلانہ منظوری کا تیقن
حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری سے بیگم پیٹ ایرپورٹ پر ملاقات کی اور تلنگانہ کے مختلف زیرالتواء پراجکٹس کیلئے نمائندگی کی۔ نتن گڈکری ایک روزہ مصروف دورہ کے بعد رات میں نئی دہلی واپس ہوئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایرپورٹ کے وی آئی پی لانج میں مرکزی وزیر سے ملاقات کی اور حیدرآباد ریجنل رنگ روڈ اور ریڈیل روڈس کی تعمیر پر تبادلہ خیال کیا۔ ریونت ریڈی نے مرکزی وزیر سے خواہش کی کہ ریجنل رنگ روڈ کیلئے ٹنڈرس کی مرکزی کابینہ سے منظوری کے اقدامات کئے جائیں ۔ گڈکری نے ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کیلئے مرکز سے تعاون کا یقین دلایا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ ریجنل رنگ روڈ کی دونوں جانب کے کام بیک وقت مکمل کئے جائیں تاکہ پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل ہو۔ قومی شاہراہ 765 پر حیدرآباد تا سری سیلم ایلیویٹیڈ کاریڈار کی منظوری کی درخواست کی گئی۔ مامنور تا سری سیلم ایلیویٹیڈ کاریڈار سے کئی ریاستوں میں حمل و نقل کی سہولت پیدا ہوگی۔ حیدرآباد تا امراوتی گرین فیلڈ اکسپریس کی منظوری کیلئے چیف منسٹر نے مرکزی وزیر سے درخواست کی۔ ریجنل رنگ روڈ اور آؤٹر رنگ روڈ کو باہم مربوط کرکے تعمیر کی جانے والی ریڈیل روڈ کی ترقی پر چیف منسٹر نے مرکزی وزیر کو واقف کرایا۔ حیدرآباد براہ ڈنڈی منانور اور حیدرآباد تا منچریال گرین فیلڈ ہائی وے پراجکٹ کی عاجلانہ منظوری کی درخواست کی گئی۔ چیف منسٹر نے شہر کے اطراف انفراسٹرکچر فراہمی اور فیوچر سٹی کے منصوبہ سے واقف کرایا۔ نتن گڈکری نے چیف منسٹر کو یقین دلایا کہ وہ اُن کی وزارت کے تحت زیرالتواء پراجکٹس کی منظوری کی مساعی کریں گے۔ اِس موقع پر ریاستی وزراء کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، پونم پربھاکر، ٹی ناگیشور راؤ، ارکان پارلیمنٹ ملو روی، انیل کمار یادو، حکومت کے مشیر ایچ وینو گوپال موجود تھے۔1