مرکزی وزیر کشن ریڈی کا کھمم کے متاثرہ علاقوں کا دورہ، عنقریب مرکزی ٹیم کی آمد

   

تلنگانہ حکومت کی رپورٹ کا انتظار، متاثرہ علاقوں میں مرکزی وزیر کو عوام کی برہمی کا سامنا، ریاستی وزیر سرینواس ریڈی نے امداد کا تیقن دیا

حیدرآباد۔/8ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے ریاستی وزیر مال پی سرینواس ریڈی کے ہمراہ کھمم میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ کشن ریڈی نے کھمم شہر کے مختلف علاقوںکا دورہ کرتے ہوئے متاثرین سے ملاقات کی۔ دھرماشالہ پورم میں دورہ کے موقع پر مرکزی وزیر کو اس وقت عوام کی برہمی کا سامنا کرنا پڑا جب متاثرین نے جن میں خواتین کی تعداد زیادہ تھی مرکزی وزیر کو روک لیا اور شکایت کی کہ حکومت کی جانب سے تاحال کوئی امداد نہیں ملی ہے۔ کشن ریڈی نے اس بارے میں ریاستی وزیر مال سرینواس ریڈی سے دریافت کیا جس پر سرینواس ریڈی نے متاثرین کو یقین دلایا کہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کی جائے گی اور کوئی بھی متاثرہ خاندان محروم نہیں رہے گا۔ متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر نظم و نسق نے سخت چوکسی اختیار کی۔ ضلع کلکٹر مزمل خاں نے بتایا کہ بارش کی پیش قیاسی کے سبب حکام نے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران مکان سے باہر نہ نکلیں اور کسی بھی مدد کی صورت میں ہیلپ لائن نمبر 1077 سے ربط قائم کیا جائے۔ کھمم ضلع کے چار مقامات پر ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں جہاں متاثرہ خاندانوں کو رکھا گیا ہے۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے بعض علاقوں میں املاک کے نقصانات کا جائزہ لیا اور متاثرین کو یقین دلایا کہ قواعد کے مطابق معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ ارکان پارلیمنٹ وشویشور ریڈی اور ایٹالہ راجندر دورہ میں شریک تھے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ آفات سماوی کے موقع پر مرکز اور ریاستی حکومت کو باہمی اشتراک کے ساتھ کام کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ آفات سماوی کی صورتحال کو سیاسی رنگ دیئے بغیر عوام کی خدمت کی جانی چاہیئے۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ مرکزی حکومت نے اڈوانس ڈیزاسٹر فنڈ کے تحت تلنگانہ کو 1300 کروڑ جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ہر کسی کو متاثرین کی مدد کرنی چاہیئے۔ انہوں نے ریاستی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ متاثرہ علاقوں میں بازآبادکاری کے کاموں میں تیزی پیدا کرے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے نقصانات کے بارے میں رپورٹ کی پیشکشی کے بعد مرکزی حکومت کے عہدیداروں کی ٹیمیں فصلوں اور دیگر نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے تلنگانہ کا دورہ کریں گی۔ انہوں نے مرکز کی جانب سے تلنگانہ کو ضروری امداد کا تیقن دیا۔ 1
ریاستی وزیر سرینواس ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس کو سیلاب کی صورتحال کو سیاسی رنگ دینے کے بجائے متاثرین کی مدد پر توجہ دینی چاہیئے۔1