دھان خریدی کا مطالبہ ، رکن پارلیمنٹ ڈی اروند پر تنقید ، ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کا بیان
نظام آباد :وزیر عمارت و شوارع مسٹر پرشانت ریڈی ، رکن اسمبلی آرمور و صدر ضلع ٹی آرایس مسٹر جیون ریڈی ، ایم ایل سی وی جی گوڑ ، ضلع پریشد چیرمین ڈی وٹھل رائو ، مئیر ڈی نیتو کرن و دیگر نے آج ٹی آرایس آفس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی حکومت اور رکن پارلیمنٹ پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ربیع کے دھان کو خریدی کیلئے مرکزی حکومت سے مسلسل نمائندگی کررہی ہے لیکن اس کے باوجود بھی ابھی تک دھان کی خریدی کے مسئلہ پر کوئی جواب نہیں دیا جارہا ہے ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ مسٹر ڈی اروند اور صدر بی جے پی بنڈی سنجے دونوں مل کر تلنگانہ کی عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی پالیسی کے خلاف ٹی آرایس پارٹی احتجاجی پروگراموں کو منظم کررہی ہے ٹی آرایس پارٹی کی جانب سے دھان کی خریدی کو لیکر 4؍ اپریل کے روز منڈل سطح پر دھرنا کیا جائیگا اور 7؍ اپریل کے روز ضلع سطح پر اور 8؍ اپریل کے روز دیہی سطح پر دھرنا کیا جائیگا۔ اس کے بعد بھی اگر دھان کی خریدی نہیں کی گئی تو 11؍ اپریل کے روز دہلی میں دھرنا دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ یکم ؍ اپریل کے روز ناگپور ، عادل آباد قومی شاہراہ ریاست کی سرحد پر ممبئی کی سرحد پر ، بنگلور کی سرحدوں پر بھی راستہ روکو کیا جائیگا۔ اس موقع پر ضلع صدر مسٹر جیون ریڈی نے رکن پارلیمنٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں فیک ایم پی قرار دیا اور اب L3 ایم پی سی تعبیر کیا ان کا وجود ہی بدعنوانیوں سے ہے اور یہ بدعنوانیوں میں ملوث رہتے ہوئے لوگوں پر کیچڑ اچھال رہے ہیں ۔ اروند کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنی حرکتوں سے باز آجائیں ورنہ ٹی آرایس پراٹی ان کو سبق سکھائے گی ۔