ریلویز کو خانگیایا گیا ، کئی بینکس بند ہوں گے ، اتل کمار انجان
حیدرآباد۔12مارچ(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے قومی سکریٹری اتل کمار انجان نے مرکز کی مودی حکومت کو تمام محاذوں پر ناکام قراردیتے ہوئے کہاکہ حکومت تمام سرکاری شعبوں کو تیزی کے ساتھ خانگیانہ کررہی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ ملک کا سب سے بڑاشعبہ ریلویز میںبھی خانگی سرمایہ کاری عروج پر ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے 35ریلوے اسٹیشنوں کی نگہداشت خانگی اداروں کے سپرد کردی ہے او رمستقبل میںمزید62ریلوے اسٹیشنوں کو خانگی کمپنیوں کے حوالے کرنے کا منصوبہ بنایاجارہا ہے۔اتل کمار انجان نے ایس بینک میںہوئے گھوٹالہ پر کہاکہ ایسی کئی او ربینک ہیں جو آنے والے دنو ں میںڈوبنے والی ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے ہندوستانیوں کے لوٹے گئے لاکھ کروڑ کی بازیابی کے متعلق کوئی ٹھوس اقدام کااعلان نہیںکیاگیا ہے ۔ انجان نے حکومت اوروزات مالیہ پر الزام عائد کیاکہ موجودہ بجٹ اجلاس میں ریلویز سے ہونے والی آمدنی اور اس پر دی جانے والی رعایت کے متعلق وضاحت نہیں کی ہے اور نہ ہی آر بی آئی سے ملک کی معیشت میںسدھار لانے کا حوالہ دے کر لئے گئے ایک لاکھ 76ہزار کروڑ کا کوئی ذکر کیاگیاہے۔قومی سکریٹری سی پی آئی ڈاکٹر کے نارائنا نے دہلی فسادات میں پولیس کی یکطرفہ کاروائی کو قابل مذمت قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ عآپ پارٹی کے برطرف کونسلر کو نشانہ بناکر دہلی فسادات کی حقیقت کو چھپانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ دہلی فرقہ وارانہ فسادات کی روک تھام میںناکامی کی ذمہ داری کو تسلیم کرتے ہوئے امیت شاہ کو اپنا استعفیٰ پیش کردینا چاہئے۔سی پی ائی ریاستی صدر تلنگانہ چاڈا وینکٹ ریڈی نے ٹی آر ایس پارٹی پر جنگل راج کا الزام عائد کیا او رکہاکہ کے سی آر کی فارم ہاوز کی سیاست کے طرز پر کے ٹی آر بھی فارم ہاوز سے اپنی سیاست کی دوکان چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی کو محض اس لئے جیل میںبند کردیاگیا ہے کیونکہ انہوں نے کے ٹی آر کے مبینہ غیر قانونی فارم ہاوز کا دورہ کرتے ہوئے عوام کے سامنے غیرمجاز قبضوں کے حقائق کو سامنے لانے کی کوشش کی تھی۔ پریس کانفرنس میںسی پی آئی قومی عاملہ کے رکن اور قومی صدر تنظیم انصاف سید عزیز پاشاہ بھی موجود تھے۔