مرکل کی اردغان سے ملاقات، اہم امور زیر بحث

   

استنبول : عنقریب اپنے عہدہ سے سبکدوش ہونے والی جرمن چانسلر انجیلا مرکل آج ہفتہ کے روز استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردغان سے ملاقات کر رہی ہیں۔ ترک وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق دونوں رہنما اہم عالمی اور علاقائی امور کے علاوہ باہمی تعلقات اور ترکی کی یورپی یونین میں ممکنہ رکنیت کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے علاوہ مہاجرین کے بحران، ترکی میں انسانی حقوق کی صورت حال اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے بارے میں بھی بات چیت متوقع ہے۔ 2017 میں جرمن شہریوں کی گرفتاری کے تناظر میں برلن اور انقرہ کے تعلقات کافی بگڑ گئے تھے تاہم تب سے آہستہ آہستہ ان میں بہتری آتی جا رہی ہے۔ جرمن چانسلر کے طور پر میرکل کا یہ ترکی کا آخری دورہ ہے۔