مرے کوزخموں سے واپسی کے بعد رچرڈس کیخلاف شکست

   

سنساٹی ۔13 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) سابق عالمی نمبر ایک اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ برطانوی ٹینس اسٹار اینڈی مرے کو زخموں سے صحتیابی کے بعد واپسی کچھ زیادہ راس نہیں آئی اور انھیں رچرڈس گیازگے کے خلاف راست سیٹوں میں 6-4 ، 6-4 کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ سنساٹی اوپن کے دوران کھیلے گئے دوسرے مرحلہ کے مقابلے میں فرانسیسی ٹینس اسٹار رچرڈس کیخلاف مرے کو شکست ضرور ہوئی ہے لیکن 32 سالہ مرے نے اس مقابلے کے دوران کچھ شاندار ٹینس بھی کھیلی ہے ۔ اس شکست کے بعد مرے نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ وہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران شروع ہونے والے سیزن کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن میں سنگلز مقابلوں میں شرکت نہیں کریں گے ۔ کامیابی کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے مرے نے کہاکہ برطانوی کھلاڑی کو اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے جس کے ذریعہ وہ اپنے کھیل میں مزید بہتری لاسکتے ہیں لیکن اس کے باوجود انھوں نے یہاں جو مظاہرہ کیا وہ شاندار ہے ۔ مرے کے مقابلے کے دوران شائقین نے اسکاٹ لینڈ کا پرچم لہراتے ہوئے اپنے ہم وطن کھلاڑی کی حوصلہ افزائی کی ، لیکن اس دوران ان کی پہلی سرویس بہتر نہیں تھی ۔ دو مرتبہ یہاں ٹورنمنٹ جیت چکے مرے نے پہلے ہی سٹ میں دوہری غلطی کی جس کی وجہ سے رچرڈس کو پہلے سٹ میں 2-0 کی سبقت حاصل ہوئی ۔ دیگر مقابلوں میں حیران کن طورپر مارین سیلی کو چودہویں درجہ کے کھلاڑی راڈو البوٹ کے خلاف 6-4، 7-6(6) کی شکست برداشت کرنی پڑی ۔ گزشتہ ہفتے راجر کپ خطاب حاصل کرنے والے نڈال نے تھکان کی وجہ سے سنساٹی اوپن سے دستبردی اختیار کی ہے ۔