جلگاؤں میں دلسوز سڑک حادثہ ، ورثاء کیلئے ایکس گریشیا کا اعلان
جلگاؤں : ایک ٹرک جس میں مزدور سوار تھے ، آج صبح کی ابتدائی ساعتوں میں مہاراشٹرا کے ضلع جلگاؤں میں لبِ سڑک واقع گڑھے میں گرگیا جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 5 دیگر زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ پپائی سے بھرا ٹرک دھولے سے جلگاؤں کی یاول تحصیل کو جارہا تھا ۔ مہلوکین میں دو کمسن بچے اور ایک 15 سالہ لڑکی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق ایک 14 سالہ لڑکا جو ٹرک کے اوپری حصہ میں سورہا تھا وہ بچ گیا ۔ مزدوروں کا تعلق ضلع کے ابھودا ، ویورا ، کرہالا دیہات اور ریور تحصیل سے ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے جانوں کے نقصان پر تاسف کا اظہار کیا ہے ۔ حکومت مہاراشٹرا نے مہلوکین کے لواحقین کے لئے فی کس دو لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ہے ۔ حادثہ کے فوری بعد پولیس اور بعض مقامی افراد جائے حادثہ پہونچے اور ٹرک کو جے سی بی مشین کی مدد سے گڑھے سے باہر نکالا گیا ۔ 15نعشیں برآمد ہوئیں ، ان کے علاوہ پانچ دیگر زخمی ہوئے ہیں جن میں ڈرائیور شامل ہے۔ زخمیوں کو جلگاؤں سیول ہاسپٹل میں شریک کرایا گیا جہاں دو کی حالت نازک ہے۔ ایک زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد بھیج دیا گیا ۔ اے ایس پی چندرکانت گاؤلی کا بیان ہے کہ یہ حادثہ عین ممکن ہے گاڑی میں کوئی تکنیکی خرابی کے سبب پیش آیا لیکن ریجنل ٹرانسپورٹ آفیس سے رپورٹ طلب کی گئی ہے ۔ مہلوکین میں 30 سالہ حسین مسلم ، 32سالہ سرفراز تاڈوی شامل ہیں۔ 14 سالہ لڑکا جو کرشماتی طورپر بچ گیا اُس کا نام رمضان تاڈوی ہے۔