مس ورلڈ 2025 مقابلوں کیلئے عالمی حسیناؤں کی آمد کا آغاز

   

Ferty9 Clinic

120 ممالک کے مندوبین کے استقبال کی تیاریاں، تاریخی مقامات کے علاوہ آئی پی ایل میچ کا مشاہدہ کریں گے

حیدرآباد۔ 4 مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد میں مس ورلڈ 2025 مقابلوں کے انعقاد کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ دنیا بھر سے مقابلہ میں حصہ لینے کے لئے حسیناؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ مس مرازیل جیسیکا پڈروسو آج حیدرآباد پہنچیں جہاں شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔ مقابلہ میں حصہ لینے کے لئے حسینائیں 6 جون تک حیدرآباد پہنچ جائیں گیں۔ محکمہ سیاحت و ثقافت نے ایئرپورٹ پر بیرونی مندوبین کی آمد کے سلسلہ میں وسیع تر انتظامات کئے ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے عالمی ایونٹ کے موقع پر ریاست کے تاریخی، تہذیبی ورثہ کے علاوہ سیاحتی مقامات کے دورہ کا اہتمام کیا ہے۔ 120 ممالک کے مندوبین اس مقابلہ میں شرکت کریں گے اور 150 ممالک میں مس ورلڈ مقابلہ کو براہ راست پیش کیا جائے گا۔ تلنگانہ حکومت نے سیاحت کے علاوہ طبی شعبہ میں سہولتوں کے بارے میں بیرونی مندوبین کو واقف کرانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ حکومت کو امید ہے کہ مس ورلڈ مقابلوں سے ریاست میں سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔ 2024 میں تلنگانہ میں 1,55,113 بین الاقوامی سیاحوں نے دورہ کیا تھا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تلنگانہ کی ترقی اور خاص طور پر انفرااسٹرکچر کے شعبہ میں سہولتوں سے بیرونی مندوبین کو واقف کرایا جائے۔ ایونٹ کے دوران مختلف پروگراموں کو قطعیت دی گئی ہے۔ تلنگانہ میں موجود یونسکو کے سیاحتی مقامات کے علاوہ تاریخی اور ثقافتی مقامات کو پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔ مندوبین کے لئے 12 مئی کو چارمینار تا لاڈ بازار ہیرٹیج واک کا اہتمام کیا جائے گا۔ مندوبین 13 مئی کو تاریخی چومحلہ پیالیس کا دورہ کریں گے۔ ورنگل کے ہزار ستون مندر، رامپا دیول اور ورنگل قلعہ کا دورہ بھی ایونٹ میں شامل ہے۔ 14 مئی کو رامپا میں روایتی رقص کا پروگرام رہے گا۔ 15 مئی کو مندوبین کے لئے یادادری مندر کے دورہ کو پروگرام میں شامل کیا گیا۔ مندوبین 16 مئی کو حیدرآباد کے نامور کارپوریٹ ہاسپٹلس کا دورہ کریں گے تاکہ میڈیکل ٹورازم کی سہولتوں سے واقفیت حاصل کریں۔ حکومت سرکاری شعبہ میں بہتر طبی سہولتوں سے مندوبین کو واقف کرائے گی۔ 17 مئی کو راموجی فلم سٹی اور 18 مئی کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ کرایا جائے گا۔ مندوبین اتوار کو ٹینک بینڈ پر سنڈے فنڈے پروگرام میں حصہ لیں گے۔ بیرونی مندوبین 21 مئی کو راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں آئی پی ایل میچ کا مشاہدہ کریں گے۔ 1