علاقہ کی سجاوٹ، روشنیوں سے منور، روایتی انداز میں استقبال، چوڑیوں اور موتیوں میں دلچسپی، پرانے شہر کی مہمان نوازی سے متاثر، ڈنر میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزراء کی شرکت
مدینہ بلڈنگ تا چو محلہ پیالس جشن کا ماحول
تاجروں کی خیرسگالی ، حسیناؤں کو تحائف کی پیشکشی
حیدرآباد 13 مئی (سیاست نیوز) مس ورلڈ 2025ء میں حصہ لینے والی 109 ممالک کی حسیناؤں نے آج پرانے شہر کے چارمینار، لاڈ بازار اور چومحلہ پیالس اور اطراف کے علاقوں میں اپنی موجودگی کے ذریعہ ہلچل مچادی۔ حکومت کی جانب سے مقابلہ حسن کی حسیناؤں کے لئے ہیریٹیج واک، لاڈ بازار کے دورے اور چومحلہ پیالس میں کلچرل پروگرام و ڈنر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ گزشتہ 2 دن سے اِس پروگرام کی تیاریاں جاری تھیں اور سارے علاقہ کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا اور روشنیوں سے منور کردیا گیا تھا۔ صبح سے مدینہ بلڈنگ تا خلوت راستوں کو ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا اور شام 5.10 بجے حسیناؤں کے ہیریٹیج واک کا تاریخی چارمینار سے آغاز ہوا۔ حسیناؤں اور 109 ممالک کے دیگر مندوبین کا سرخ قالین استقبال کیا گیا۔ مدینہ بلڈنگ، پتھرگٹی، گلزار حوض تا چارمینار دوکانداروں نے سجاوٹ اور روشنی کے انتظامات کئے اور روایتی حیدرآبادی تہذیب کے مطابق حسیناؤں کا استقبال کیا گیا۔ ہیریٹیج واک اور لاڈ بازار دورہ کی خصوصی یہ تھی کہ حسیناؤں کو مکمل لباس میں دیکھا گیا کیونکہ حکام نے خواہش کی تھی کہ تفریحی مقامات کے دورے کے موقع پر حسینائیں لباس کا بطور خاص خیال رکھیں۔ تاریخی چارمینار پہونچنے پر روایتی عربی باجہ (مرفہ) سے حسیناؤں کا استقبال کیا گیا اور مرفہ بجانے والی ٹیم عربی لباس میں توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں اسٹیج تیار کیا گیا جہاں حسیناؤں نے گروپ فوٹو کھنچوائی تاکہ دورہ حیدرآباد کی یادگار باقی رہے۔ چارمینار اور اطراف کے نظاروں کے بعد حسینائیں لاڈ بازار میں داخل ہوئیں جہاں چوڑیوں اور موتیوں کی دوکانات پہونچ کر خواتین کی سجاوٹ سے متعلق آئٹمس میں گہری دلچسپی دکھائی۔ دوکانداروں نے اِس موقع پر خیرسگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حسیناؤں سے کوئی رقم وصول نہیں کی اور پسند کی گئی اشیاء کو بطور تحفہ پیش کیا۔ ہیریٹیج واک کے ذریعہ شام 6.20 بجے حسینائیں چومحلہ پیالس پہونچیں جہاں تلنگانہ کی روایتی تہذیب و ثقافت کی ترجمانی کرنے والے کلچرل پروگرام پیش کئے گئے۔ چومحلہ پیالس کے باب الداخلہ پر شاہی خاندانوں کی روایت کے مطابق خصوصی باجہ، نوبت سے استقبال کیا گیا۔ بیرونی مندوبین کے لئے نظام حیدرآباد کی تاریخ پر مبنی ویڈیو دکھائی گئی جس میں آصفجاہی حکمرانوں کے کارناموں، اُن کے طرز زندگی، لباس، تاریخی عمارتوں اور دیگر تفصیلات کا احاطہ کیا گیا۔ چومحلہ پیالس کی تقریب میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے افراد خاندان کے ساتھ شرکت کی۔ ریاستی وزراء جوپلی کرشنا راؤ اور پونم پربھاکر نے چیف منسٹر کا استقبال کیا۔ تاریخی چارمینار تا خلوت سرکاری محکمہ جات کی جانب سے غیرمعمولی انتظامات کئے گئے تھے۔ لاڈ بازار کی تاریخی اہمیت سے حسیناؤں کو آگاہ کیا گیا اور وہ دوکانداروں کے جذبۂ خیرسگالی اور مہمان نوازی سے کافی متاثر ہوئیں۔ دوکانداروں نے بیرونی مندوبین کو چوڑیوں، موتیوں کے ہار اور دیگر سجاوٹ کے سامان بطور تحفہ پیش کئے۔ راستہ میں جگہ جگہ مرد و خواتین نے حیدرآبادی تہذیب کی مثال پیش کرتے ہوئے روایتی انداز میں استقبال کیا۔ اِس موقع پر حکام نے روزانہ سڑک پر کاروبار کرنے والے چھوٹے تاجروں کو ہٹادیا تھا اور علاقوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا۔ مندوبین کے ساتھ موجود عہدیداروں نے پہلے ہی سے اُن دوکانات کی نشاندہی کردی تھی جہاں سے خریداری کرنی تھی۔ مس ورلڈ مقابلہ کی حسیناؤں کی آمد پر کثیر تعداد میں مقامی افراد جمع ہوئے اور مندوبین کے ساتھ تصویرکشی کی کوشش کی۔ اِس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے اور عوام کو حسیناؤں سے ملنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ کمشنر پولیس سی وی آنند نے انتظامات کی راست نگرانی کی۔ حسیناؤں کے لئے محکمہ سیاحت کی جانب سے خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا تھا۔ ہیریٹیج واک کے دوران اُنھیں علاقہ کی تاریخی اہمیت سے واقف کرایا گیا۔ بیرونی مندوبین کے استقبال کے لئے خصوصی کمانیں نصب کی گئی تھیں۔ چومحلہ پیالس میں ڈنر کے بعد اہم شخصیتوں اور بیرونی مندوبین کی واپسی تک سارے علاقہ میں سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے۔ چو محلہ پیالس کی 300 سالہ تاریخ پر مشتمل تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا۔ پیالس کے مشاہدہ کے موقع پر بیرونی مندوبین نے نظام حیدرآباد کے خصوصی تخت، اُن کے استعمال کی اشیاء، جنگی ساز و سامان اور دیگر تاریخی و نادر اشیاء میں دلچسپی دکھائی۔1